این آر سی کیلئے امیت شاہ کی 2024 ء پر نظر

   

چکرا دھر پور ؍ بہارا گورا (جھارکھنڈ) ۔ 2 ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) صدر بی جے پی امیت شاہ نے نہایت متنازعہ اور انتشار پسند این آر سی پر ملک بھر میں عمل آوری کیلئے 2024 ء کی مدت مقرر کی ہے ۔ اُنھوں نے کہا کہ ہر ایک درانداز کو ڈھونڈ کر اُسے اگلے جنرل الیکشن سے قبل نکال باہر کیا جائے گا ۔ وہ جھارکھنڈ اسمبلی چناؤ کے تحت انتخابی ریالیوں سے مخاطب تھے۔ مرکزی وزیرداخلہ نے کہا کہ مغربی بنگال میں بعض بی جے پی قائدین نے خود این آر سی پر اندیشے ظاہر کئے ہیں اور شائد اُسی کا وہاں حالیہ ضمنی چناؤ پر اثر پڑا ۔ تاہم امیت شاہ نے کہاکہ یہ عمل اپوزیشن پارٹیوں کے تحفظات کے باوجود ملک بھر میں منعقد کیا جائے گا ۔ ’’آج میں آپ تمام کو بتانا چاہتا ہوں کہ 2024 ء الیکشن سے قبل این آر سی ملک بھر میں منعقد کی جائے گی اور کسی بھی درانداز کو بخشا نہیں جائے گا ۔ راہول بابا کا کہنا ہے کہ اُنھیں ملک بدر مت کیجئے ۔ وہ کہاں جائیں گے ، وہ کیا کھائیں گے ۔ لیکن میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ 2024 ء کے چناؤ سے قبل تمام غیرقانونی تارکین وطن نکال باہر کئے جائیں گے ‘‘۔