این آر سی کی بدلی ہوئی شکل این پی آر : چدمبرم

,

   

شہریت ترمیمی قانون کے ناپاک مقصد کیخلاف جدوجہد جاری رہے گی

کولکتہ۔ 18 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس لیڈر پی چدمبرم نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ نیشنل پاپولیشن رجسٹر کچھ اور نہیں بلکہ این آر سی کی بدلی ہوئی شکل ہے، آج کہا کہ مودی حکومت نے اپنا طریقہ کار بدل دیا ہے اور اب صرف این پی آر کی باتیں ہورہی ہیں کیونکہ آسام میں شہریت سے متعلق فہرست میں نتائج نہایت مایوس کن برآمد ہوئے ہیں۔ سابق مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ ریاستیں این پی آر اور سی اے اے پر عمل آوری کی مخالفت کرنے میں حق بجانب ہیں کیونکہ ان کی دستوری واجبیت سپریم کورٹ میں زیرغور ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) اور قومی آبادی رجسٹر (این پی آر) کے ناپاک مقصد کے خلاف جدوجہد کرتے رہنا ہے اور عوام کو ان کے خلاف واقف کرانا ہے۔ ہم ہمارا موقف بیان کرچکے ہیں کہ ہمیں اپریل 2020ء سے شروع کئے جانے والے این پی آر سے اتفاق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی پارٹیاں این پی آر ، سی اے اے اور مجوزہ ملک گیر این آر سی کی مخالفت میں ضرور یکجا ہوجانا چاہئے۔ ہم سب مل کر جدوجہد کررہے ہیں۔