امریکی عدالت کا فیصلہ ۔ متاثرین میں 300 ہندوستانی بھی شامل
واشنگٹن : امریکہ کی ایک عدالت نے این ایس او گروپ کو پیگاسس کے ذریعہ 1400 افراد کی جاسوسی کا مرتکب قرار دیا ہے جن میں 300 ہندوستانی بھی شامل ہیں۔ متاثرین میںصحافی ‘ سیاستدان اور انسانی حقوق کارکن شامل ہیں۔امریکی عدالت نے اسرائیلی جاسوسی سافٹ وئیر بنانے والی کمپنی این ایس او کو پیگاسس کے ذریعہ 1400 واٹس ایپ صارفین کی جاسوسی کا مرتکب قرار دیا ہے ۔ ان میں 300 ہندوستانی شامل ہیں۔ واٹس ایپ نے این ایس او گروپ پر مقدمہ درج کروایا تھا جس کی سماعت کرنے والے جج فلس ہیملٹن نے کہا کہ یہ گروپ امریکی قوانین کی خلاف ورزی کا مرتکب ہوا ہے اور متاثرین کو نشانہ بنانے مکمل ذمہ دار ہے ۔ رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں پیگاسس کا استعمال کئی اہم شخصیات کے خلاف کیا گیا۔ ہندوستان میں جن موبائیل نمبرات کی جاسوسی کی گئی تھی ان میں دو مرکزی وزراء ‘ تین اپوزیشن قائدین ‘ کچھ صحافی اور بزنس مین شامل تھے ۔ امریکہ میں بائیڈن انتظامیہ نے 2021 میں این ایس او گروپ کو بلیک لسٹ کیا تھا اور امریکی اداروں کے اس کے پراڈکٹس خریدنے پر امتناع بھی عائد کیا تھا ۔ ان انکشافات کے بعد ہندوستان میں سیاسی ہلچل پیدا ہوگئی تھی ۔