این ٹی آر بائیوپک کے ڈجیٹل حقوق 25 کروڑ میں فروخت

   

سابق چیف منسٹر آندھرا پردیش این ٹی راما راؤ کی زندگی پر بنائی گئی بائیوپک کو دو حصوں میں ریلیز کیا جارہا ہے۔ اس کا پہلا حصہ 9 جنوری کو ریلیز کیا گیا اور دوسرے حصہ کو فروری کے پہلے ہفتہ میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ ’’کتھا نائیکوڈو‘‘ ٹائٹل سے بنی اس بائیوپک میں این ٹی آر کے فرزند ٹالی ووڈ اسٹار بالا کرشنا نے اپنے والد کا رول نبھایا ہے۔ جبکہ ان کی پتنی بسواتارکماں کا کردار بالی ووڈ ایکٹریس ودیا بالن نے نبھایا ہے۔ اس بائیوپک کے پہلے حصہ کے ڈجیٹل حقوق اب تک کی بھاری رقم یعنی 25 کروڑ میں فروخت ہوئے ہیں جو اب تک کی سب سے بڑی رقم ہے۔ اسی کے ساتھ بن رہی کرنول کے مجاہد آزادی سیرا نرسمہا ریڈی بائیوپک جس کا مرکزی کردار چرنجیوی کررہے ہیں کہ ڈجیٹل حقوق 20 کروڑ میں فروخت ہوئے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ این ٹی آر بائیوپک کو بڑی ہوشیاری سے دو حصوں میں بانٹ دیا گیا ہے اور اس طرح ان دو حصوں کو الگ الگ قیمتوں میں فروخت کیا جائے گا اور ان کے ڈجیٹل اور سٹیلائٹ حقوق بھی الگ الگ فروخت ہوں گے۔ اس طرح فلم کا جملہ بجٹ ان دو حقوق سے ہی حاصل ہو جائے گا جبکہ ان کے تھڑیکل حقوق کی کمائی نفع ثابت ہوگی۔ این ٹی آر بائیوپک کو کریش نے ڈائرکٹ کیا ہے۔