کاماریڈی:27؍ اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کاماریڈی میں کل رات سے ہو رہی بارش کے سبب ندیاں ، نالے، تالاب لبریز ہو کر بہہ رہے ہیں بارش کے باعث اناساگر کے قریب خطرناک صورتحال پیدا ہوگئی جب 9 افراد سڑک کے درمیان بارش کے پانی میں پھنس گئے۔ اطلاع ملتے ہی ضلع ایس پی راجیش چندرا نے خود ذاتی طور پر امدادی کارروائی میں حصہ لیتے ہوئے نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کے عملے کے ساتھ تال میل قائم کیا اور پھنسے ہوئے افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا۔تفصیلات کے مطابق اناساگر گرام پنچایت کے حدود میں موسلا دھار بارش کے بعد ندیوں و تالابوں میں پانی اُبل پڑا۔ پانی کے تیز بہاؤ میں سڑک ڈوب گئی اور اسی دوران سات افراد گاڑی سمیت پانی میں پھنس گئے۔ خبر عام ہوتے ہی عوام میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ اس موقع پر ایس پی راجیش چندرا نے بروقت حرکت میں اتے ہوئے متاثرہ مقام پر بذات خود پہنچ کر راحتی کارروائی کی نگرانی کی اور ریسکیو ٹیم کو ہدایت دی کہ فوری طور پر پھنسے ہوئے افراد کو باہر نکالا جائے۔ریسکیو آپریشن کے دوران مقامی پولیس، این ڈی آر ایف عملہ اور رضاکار سرگرم رہے۔ گھنٹوں کی کوشش کے بعد 9 افراد کو بحفاظت باہر نکالا گیا۔ ضلع ایس پی نے کہا کہ بارش کے موسم میں عوام غیر محفوظ مقامات پر جانے سے گریز کریں اور انتظامیہ کی جانب سے دی گئی ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔ ایس پی کے بروقت اقدام اور ذاتی نگرانی سے بڑی جان لیوا حادثہ ٹل گیا جس پر مقامی عوام نے اطمینان کا اظہار کیا۔