پٹنہ : جنتا دل یو کے قومی ترجمان کے سی تیاگی نے کل ایک نیوزچیانل کو انٹرویوں دیتے ہوئے کہا کہ جنتا دل (متحدہ) مرکز میں آنے والی قومی جمہوری اتحاد یعنی این ڈی اے کی حکومت کو مسلمانوں اور دیگر اقلیتی برادریوں کے خلاف مہم چلانے کی اجازت نہیں دے گی۔جنتا دل (یو) بھارتیہ جنتا پارٹی کی قیادت والے اتحاد میں ایک اہم جماعت ہے۔مسلمانوں میں اپنی پارٹی کی ساکھ پر فخر کرتے ہوئے تیاگی نے کہا کہ جب تک ہم وہاں بی جے پی کے ساتھ اقتدار میں ہیں کوئی بھی مسلم مخالف، اقلیت مخالف مہم نہیں چلائی جائے گی۔اس سوال کے جواب میں کہ کیا جنتا دل (یونائیٹڈ) مسلمانوں کو نشانہ بنانے والی بی جے پی کی لوک سبھا مہم کے بعد حکمرانی کیلئے زیادہ سیکولر نقطہ نظر پر زور دے گی، تیاگی نے کہا کہ ان مسائل کو بھول جانا چاہیے جو انتخابات میں گڑبڑ کرنے کے لیے استعمال کیے گئے تھے۔تیاگی نے کہا کہ ان کی پارٹی کے امیدوار مجاہد عالم نے بہار کے مسلم اکثریتی کشن گنج حلقہ سے لوک سبھا انتخابات میں آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے امیدوار سے آگے دوسرے نمبر پر رہے۔ اس حلقے سے کانگریس پارٹی کے محمد جاوید نے کامیابی حاصل کی۔تیاگی نے کہا کہ جنتا دل (یو) تمام برادریوں اور فرقوں میں اتفاق رائے پیدا کرنے میں یقین رکھتی ہے اور یہ کہ آنے والی مرکزی حکومت کے حصے کے طور پر وہ لوگوں پر ان کو نافذ کرنے کے بجائے پالیسیوں پر وسیع تر بات چیت کی وکالت کرے گی۔