سڑکوں پر گڑھے بتانے والے کو انعام والا بیان غیر ذمہ دارانہ ، آر جے ڈی قائد پرکاش نارائن یادو کی پریس کانفرنس
جموئی، 18 جنوری (یواین آئی) راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے سینئر رہنما اور سابق مرکزی وزیر جے پرکاش نارائن یادو نے قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے ) حکومت پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر حکومت کو اقتدار کسی خاص صورتحال یا عجلت میں ملا ہے تو اس کی اولین ترجیح عوام کا اعتماد جیتنا ہونا چاہیے اور سستی شہرت کے لیے ہلکی پھلکی بیان بازی سے گریز کرتے ہوئے عوام کے حقیقی مسائل پر سنجیدگی سے غور و خوض کرنا چاہیے ۔ سابق مرکزی وزیر یادو اتوار کو سرکٹ ہاؤس میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے بہار حکومت کے طریقہ کار پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ حکومت یہ بیان دے رہی ہے کہ اگر سڑکوں پر گڑھے ہیں تو لوگ بتائیں، انعام دیا جائے گا، جب کہ یہ حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے ۔ عوام کیوں بتائیں کہ مسئلہ کہاں ہے ، حکومت کو خود زمینی سطح پر جا کر حالات کا جائزہ لینا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل پر حکومت کی خاموشی جمہوریت کے لیے تشویشناک ہے ۔ آر جے ڈی رہنما مسٹر یادو نے الزام لگایا کہ این ڈی اے حکومت کے دوراقتدار میں جمہوری نظام کمزور ہوا ہے اور پوری سرکاری مشینری من مانے طریقے سے کام کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بہار میں قتل، عصمت دری اور لوٹ جیسی مجرمانہ وارداتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ، جب کہ نوجوانوں کے لیے روزگار اور نوکری سے متعلق کیے گئے وعدے اب تک پورے نہیں ہوئے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کی عوام مخالف پالیسیوں کے خلاف آر جے ڈی سڑکوں پر اتر کر جدوجہد کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ ان کی پارٹی پارلیمنٹ میں تعداد کے اعتبار سے مضبوط پوزیشن میں نہ ہو، لیکن سڑک کو کبھی سنسان نہیں رہنے دیا جائے گا۔ عوامی مسائل اور سماج کے تمام طبقات کے مفادات کو لے کر دھرنا، مظاہرہ اور تحریک کے ذریعے عوام کی آواز بلند کی جائے گی، جس کی شروعات جلد کی جائے گی۔ آر جے ڈی رہنما یادو نے جانکاری دی کہ آئندہ 24 فروری کو جن نائک کرپوری ٹھاکر کی جینتی ضلع ہیڈکوارٹر سمیت بانکا اور بھاگلپور میں ‘سنکلپ پروگرام ‘ کے طور پر منائی جائے گی۔ اس موقع پر سماجی انصاف اور جمہوری اقدار کو مضبوط بنانے کا پیغام دیا جائے گا۔ سابق مرکزی وزیر نے یہ بھی کہا کہ آئین اور جمہوری اداروں پر مسلسل حملے ہو رہے ہیں، جس سے انہیں کمزور کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ آئندہ اسمبلی اجلاس میں اپوزیشن لیڈر تیجسوی پرساد یادو بہار کو خصوصی ریاست کا درجہ دیئے جانے ، خصوصی پیکیج، خواتین کو دو لاکھ روپے کی معاشی امداد اور نوجوانوں کو نوکری جیسے اہم مسائل پر حکومت سے جواب طلب کریں گے ۔