ایودھیا معاملہ : سپریم کورٹ میں سماعت صرف ایک منٹ ہوئی، ۱۰؍ جنوری کو نئی بنچ کی تشکیل ۔

,

   

رام جنم بھومی – بابری مسجد تنازع میں دائر عرضیوں پر سماعت کیلئے سپریم کورٹ میں جمعہ کو بینچ کی تشکیل نہیں ہوپائی ۔ عدالت نے بینچ کی تشکیل کیلئے اب 10 جنوری کی تاریخ طے کی ہے ۔ بتادیں کہ یہ معاملہ چیف جسٹس آف انڈیا رنجن گوگوئی اور جسٹس سنجے کشن کول کی بینچ کے سامنے لسٹیڈ ہے۔

اب اس معاملہ کی تین ججوں کی خصوصی بینچ سماعت کرے گی ۔ تین ججوں کی بینچ ہی یہ طے کرے گی کہ معاملہ میں روزانہ سماعت ہوگی یا نہیں ۔ جمعہ کو صرف 60 سکینڈ تک ہی اس معاملہ پر سماعت ہوئی ، جس میں چیف جسٹس آف انڈیا رنجن گوگوئی اور جسٹس ایس کے کول کی بینچ نے تین ججوں کی خصوصی بینچ تشکیل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے معاملہ کو 10 جنوری تک کیلئے ملتوی کردیا ۔

اب چھ سے سات جنوری تک نئے ججوں کی بینچ تشکیل دی جائے گی اور پھر 10 جنوری کو یہی ججز طے کریں گے کہ اس معاملہ کی سماعت کیسے کی جانی ہے۔ خیال رہے کہ 30 ستمبر 2010 کے الہ آباد ہائی کورٹ کے فیصلہ کو سبھی تین فریقوں نے سپریم کورٹ میں چیلنج کررکھا ہے، جس کے بعد سے ہی معاملہ سپریم کورٹ میں زیر التوا ہے۔