ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر ضروری، بی جے پی قائدین

   

نئی دہلی ۔ 8 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے کئی سینئر قائدین نے ایودھیا میں متنازعہ مقام پر رام مندر کی تعمیر کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ملک میں اس تعطل کا واحد راستہ رام مندر کی تعمیر ہے۔ دیرینہ مسئلہ کی یکسوئی کیلئے وقت مقررہ کے اندر ثالثی کی مہلت دیتے ہوئے سپریم کورٹ نے آج فیصلہ سنایا۔ اس کے فوری بعد بی جے پی قائدین خاص کر مرکزی وزیر اومابھارتی نے کہا کہ وہ سپریم کورٹ کے حکم کا احترام کرتی ہیں لیکن متنازعہ مقام پر رام مندر کی تعمیر کے حق میں ہیں۔ بی جے پی جنرل سکریٹری مرلی دھر راؤ نے کہا کہ مسئلہ کو زیادہ دن تک طوالت دینا کسی کے بھی مفاد میں نہیں۔ بی جے پی ایم سبرامنیم سوامی نے کہا کہ رام مندر کی تعمیر سے ہٹ کر کوئی بات ناقابل قبول ہے۔ بھگوان رام جہاں پیدا ہوئے ہیں وہاں مندر تعمیر نہیں ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔