ایٹالہ راجندر کو پارٹی سے برطرف کرنے چیف منسٹر سے نمائندگی

   

اسمبلی سے نااہل قرار دینے اسپیکر سے نمائندگی کی تیاری، راجندر کے حامیوں کے خلاف کارروائی کا آغاز
حیدرآباد: ریاستی کابینہ سے ایٹالہ راجندر کی برطرفی کے بعد مخالف ٹی آر ایس سرگرمیوں کو دیکھتے ہوئے پارٹی قائدین نے راجندر کو پارٹی سے معطل کرنے اور اسمبلی کی رکنیت سے نااہل قرار دینے کی کارروائی شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ پارٹی کے مختلف گوشوںکی جانب سے چیف منسٹر کے سی آر اور پارٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر سے نمائندگی کی گئی کہ راجندر کے مخالف حکومت بیانات کے پیش نظر ان کے خلاف فوری کارروائی کی جائے ۔ راجندر نے چیف منسٹر کو راست تنقید کا نشانہ بنایا۔ حالانکہ کئی وزراء نے راجندر کے الزامات کا جواب دیا لیکن میڈیا میں راجندر کے بیانات کو اہمیت کے ساتھ پیش کیا جارہا ہے ۔ کریم نگر سے تعلق رکھنے والے سینئر قائدین نے چیف منسٹر کو تجویز پیش کی ہے کہ فوری طور پر راجندر کو ٹی آر ایس سے معطل کیا جائے ۔ اس کے علاوہ اسپیکر پوچارم سرینواس ریڈی سے نمائندگی کرتے ہوئے مخالف پارٹی سرگرمیوں کے باعث راجندر کو اسمبلی کی رکنیت سے نااہل قرار دینے کی سفارش کا مشورہ دیا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ پارٹی کی سطح پر ان تجاویز کا جائزہ لیا جارہا ہے اور بہت جلد اس بارے میں فیصلہ ہوگا ۔ راجندر کو پارٹی سے معطل یا پھر برطرف کرنے کے امکانات ہیں جبکہ اسمبلی کی رکنیت سے نااہل قرار دینے کیلئے ٹھوس ثبوت پیش کرنا ہوگا۔ مخالف پارٹی سرگرمیوں کا ابھی تک کوئی ثبوت نہیں ہے کیونکہ راجندر نے ٹی آر ایس قائدین اور کارکنوں کے درمیان رہتے ہوئے اراضی معاملہ میں الزامات کا جواب دیا ہے ۔ اسی دوران کریم نگر کے مختلف علاقوں میں راجندر کے حامیوں نے حکومت کے خلاف مظاہروں کا آغاز کردیا ہے ۔ کریم نگر کے علاوہ ورنگل میں راجندر کے حق میں ٹی آر ایس کارکنوں نے احتجاج منظم کیا ۔ ورنگل اربن میں راجندر کے حامیوں کی کثیر تعداد نے تالاب میں اتر کر منفرد احتجاج درج کرایا ۔ان کا الزام ہے کہ منصوبہ طریقہ سے کے سی آر اور کے ٹی آر نے راجندر کے خلاف سازش کی ہے۔ تلنگانہ کے کئی اضلاع میں پسماندہ طبقات کی تنظیموں نے راجندر کی تائید کا اعلان کیا ہے۔ اسی دوران کریم نگر میں راجندر کی تائید کرنے پر ایک ٹی آر ایس قائد کے خلاف بینک کے ذریعہ نوٹس جاری کی گئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ ضلع پریشد کے رکن کے شوہر سیدی ریڈی کو مقامی بینک کی جانب سے نوٹس جاری کی گئی جس میں سنگل ونڈو چیرمین کے عہدہ پر فنڈس میں بے قاعدگیوں کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ بینک نے 18 لاکھ روپئے کی بے قاعدگی پر نوٹس جاری کی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ راجندر کے حق میں اظہار خیال کرنے والے قائدین کی سرگرمیوں پر روک لگانے اس طرح کی مزید کارروائیاں کی جاسکتی ہیں۔ راجندر کے حامیوں کا کہنا ہے کہ وہ بینکوں کی نوٹس اور فرضی مقدمات سے خوفزدہ نہیں ہوں گے ۔