بھینسہ 4/ نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بھینسہ شہر کا ایڈیشنل کلکٹر ضلع نرمل فیضان احمد نے اچانک ہنگامی دورہ کرتے ہوئے بھینسہ بلدیہ کمشنر بی راجیش اور بلدیہ عملہ جن میں گئریش کمار ، محمد انیس ، انصار علی کے علاوہ آر اینڈ بی ڈی ای ، ایم پی او معظم حسین و دیگر عہدیداروں کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں کا معائنہ کرتے ہوئے حالات کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پر کانگریس پارٹی اقلیتی قائد جاوید خان نے ایڈیشنل کلکٹر فیضان احمد کو بھینسہ شہر میں ٹریفک مسائل اور ہوٹلوں کی بدنظمی سے متعلق تفصیلی طور پر واقف کرواتے ہوئے ہوٹلوں کا دورہ کرنے اور صاف صفائی کے انتظامات کا معائنہ کرنے کی درخواست کی جس پر ایڈیشنل کلکٹر فیضان احمد نے کھانے کی ہوٹل پہنچکر تفصیلی معائنہ کیا اور کہا کہ بھینسہ میں صاف صفائی کے لیے ضلع کلکٹر کی ہدایت پر خصوصی توجہ مرکوز کی جارہی ہے اور عوام صاف ستھری غذائی اشیا کی فراہمی کو یقینی بنانے کے اقدامات کیے جارہے ہیں انھوں نے شہر کی عوام کو تعاون کرنے اور ہوٹلوں کے علاوہ دکان مالکین کو ٹریڈ لائسنس بنانے کی اپیل کی بصورت دیگر آئندہ دورے پر قانونی کارروائی کرتے ہوئے جرمانے عائد کرنے کا انتباہ دیا۔