ایڈیٹر ان چیف روزنامہ منصف جناب خان لطیف محمد خان کی اہلیہ محترمہ کا سانحہ ارتحال

   

حیدرآباد /15 مئی ( سیاست نیوز ) یہ خبر انتہائی افسوس کے ساتھ پڑھی جائیگی کہ ایڈیٹر انچیف روزنامہ منصف جناب خان لطیف محمد خان کی اہلیہ محترمہ ڈاکٹر ذاکرہ لطیف خان صاحبہ کا جمعرات 14 مئی کی رات شکاگو امریکہ میں انتقال ہوگیا ۔ تدفین 15 مئی کو بعد نماز جمعہ شکاگو کے قبرستان میں عمل میں آئی ۔ پسماندگان میں شوہر خان لطیف محمد خان کے علاوہ ایک فرزند وسیم محمد خان اور ایک دختر شمیم حیدر شامل ہیں ۔ مرحومہ شکاگو کی مشہور طبیبہ تھیں۔ ان کا آبائی شہر اورنگ آباد تھا ۔ جناب خان لطیف محمد خان جو گذشتہ چند ماہ سے حیدرآباد میں مقیم ہیں اہلیہ کے انتقال کی اطلاع پر غمزدہ ہوگئے ۔ انہوں نے دوست احباب اور بہی خواہوں سے گذارش کی کہ وہ جاریہ لاک ڈاؤن اور سماجی فاصلہ کی برقراری کی پابندی کے پیش نظر ان سے اظہار تعزیت یا پرسہ دینے آنے کی زحمت نہ کریں تاہم مرحومہ کے حق میں مغفرت کی دعا کریں ۔