نئی دہلی۔ سپریم کورٹ نے جمعہ کو پروڈیوسر ایکتا کپور کو ان کی ویب سیریز ٹرپل ایکس میں قابل اعتراض مواد پر سرزنش کی ہے۔جسٹس اجے رستوگی اور سی ٹی۔ روی کمار نے کہا کچھ کرنا پڑے گا۔ تم اس ملک کی نوجوان نسل کے ذہنوں کو آلودہ کررہی ہو۔بنچ نے مزید کہا کہ او ٹی ٹی (اوور دی ٹاپ) مواد سب کے لیے دستیاب ہے اور اس کے وکیل سے سوال کیا کہ آپ لوگوں کو کس قسم کا مواد فراہم کر رہے ہیں؟ بنچ نے یہ مشاہدات اس وقت کیے جب سینئر وکیل مکل روہتگی نے کپور کی نمائندگی کرتے ہوئے کہا کہ پٹنہ ہائی کورٹ کے سامنے ایک عرضی پیش کی گئی تھی لیکن اس بات کے امکانات بہت کم ہیں کہ اس معاملے کو جلد ہی اٹھایا جائے گا۔اس پر بنچ نے کہاآپ نوجوانوں کے ذہنوں کو آلودہ کررہے ہیں۔روہتگی نے تاہم عرض کیا کہ عدالت عظمیٰ نے پہلے بھی اسی طرح کے معاملے میں کپورکو تحفظ فراہم کیا تھا اور ملک میں انتخاب کی آزادی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مواد سبسکرپشن پر مبنی ہے۔بنچ نے کہا کہ وہ اس بات کی تعریف نہیں کرتا کہ ہربار عدالت عظمیٰ کے سامنے ایک عرضی پیش کی جاتی ہے اور مزید کہا کہ اس طرح کی درخواست دائرکرنے کے لیے قیمت عائد کی جائے گی۔ اس نے روہتگی سے اپنے مؤکل تک یہ بات پہنچانے کو کہا اور اس بات پر زور دیا کہ عدالت عظمیٰ ان لوگوں کے لیے کام کرتی ہے جن کی آواز نہیں ہے۔سپریم کورٹ ایکتا کپور کی جانب سے اس کے اوٹی ٹی پلیٹ فارم آلٹ بالاجی ویب سیریز میں سپاہیوں کی مبینہ توہین کرنے اور ان کے اہل خانہ کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے الزام میں ان کے خلاف جاری وارنٹ گرفتاری کے خلاف درخواست کی سماعت کررہی تھی۔بنچ نے کہاہم نے حکم دیکھا ہے اور ہمارے تحفظات ہیں۔عدالت عظمیٰ نے بھی اس معاملے کو اپنے سامنے زیر التوا رکھا ہے اور سفارش کی ہے کہ ایک مقامی وکیل کو ہائی کورٹ میں سماعت کی صورتحال کے بارے میں بتانے کے لیے مشغول کیا جائے۔بہار کے بیگوسرائے میں ایک ٹرائل کورٹ نے یہ وارنٹ 2020 میں ایک سابق فوجی شمبھو کمار کی شکایت پرجاری کیا تھا، جس نے الزام لگایا تھا کہ ٹرپل ایکس سیزن-2 میں سپاہی کی بیوی کے سلسلے میں کئی قابل اعتراض مناظر دکھائے گئے ہیں۔