ایک کیلو پلاسٹک جمع کرنے پر ایک کیلو چاول

   

تلنگانہ کے مُلگ ضلع میں انوکھی مہم
حیدرآباد 12 اکتوبر (یو این آئی) تلنگانہ کے ضلع مُلگ کو پلاسٹک سے پاک بنانے کے لئے ضلع حکام نے انوکھا نظریہ پیش کیا ہے جس کے مطابق خصوصی مہم کے دوران ایک کیلو پلاسٹک جمع کروانے والوں کو ایک کیلو باریک چاول دیاجائے گا۔یہ مہم 16اکتوبر سے 26اکتوبر تک ضلع بھرمیں چلائی جائے گی۔اس مہم کے حصہ کے طورپر عوام متعلقہ گرام پنچایت کے دفتر پہنچ کر پلاسٹک کو جمع کرتے ہوئے ایک کیلو باریک چاول حاصل کرسکتے ہیں۔ضلع کلکٹر سی نارائن ریڈی نے کہا کہ پلاسٹک کے بڑھتے استعمال کو روکنے کی ضرورت ہے جس سے ماحولیات کو خطرہ ہے ۔انہوں نے کہاکہ اسی کے پیش نظر ضلع میں پلاسٹک کے استعمال کو روکنے کا فیصلہ کیاگیا ہے تاکہ ضلع کو پلاسٹک سے پاک قرار دیاجاسکے ۔اس مہم کے حصہ کے طورپر خصوصی اقدام میں عہدیدار عطیات، نقدی یا چاول کی صورت میں عطیات وصول کررہے ہیں۔منڈل کی سطح پر تحصیل دار عطیات کی وصولی کے کام انجام دے رہے ہیں۔ہر منڈل میں عطیہ دہندہ کے مفاد میں ایک خصوصی نمبر الاٹ کیا گیا ہے ۔عطیہ دہندگان مخصوص نمبر پر کال کرتے ہوئے تفصیلات معلوم کرسکیں گے کہ کس مقام پر وہ نقدی یا چاول حوالے کریں۔مُلگ کے تحصیلدار جی نائک نے یہ بات بتائی۔انہوں نے مُلگ کے تاجروں سے ملاقات کی اور ان پر زور دیا کہ وہ اس خصوصی پروگرام کے لئے عطیہ دیں تاکہ مُلگ کو پلاسٹک سے پاک ضلع بنایاجاسکے ۔دوسری طرف عہدیدار پلاسٹک کو ری سائیکل کرنے کے لئے خصوصی ایجنسی قائم کرنے کے بھی اقدامات کررہی ہے ۔علاوہ ازیں عہدیدار 5تا8فروری ہونے والی میڈارم جاترا کو بھی پلاسٹک سے پاک بنانے کی مساعی کررہے ہیں۔عہدیدار پیپر،جوٹ اور دیگر اشیا سے بنی ماحول دوست اشیا کے استعمال کی حوصلہ افزائی بھی کریں گے ۔کلکٹر نے کہا کہ سیف ہیلپ گروپس کی بھی نشاندہی کی جائے گی جو پیپر یا جوٹ کے بیگس کی تیاری کریں گے تاکہ ان کو یونٹس قائم کرنے میں مدد دی جاسکے ۔عہدیدار 2000والنٹرس کے ذریعہ انسداد پلاسٹک اسکواڈ بھی قائم کرنے کی کوشش کررہی ہے تاکہ عوام میں کاغذ یا جوٹ سے بنے بیگس سے متعلق بیداری پیداکی جاسکے۔