ایک ہی خاندان کے 4 افراد مانجرا ندی میں غرق

   

بانسواڑہ۔ بانسواڑہ حلقہ بیرکور منڈل مستقر کی مانجرا ندی میں ایک ہی خاندان کے 4افراد غرق ہوگئے۔ تفصیلات کے بموجب بچکنڈہ منڈل کے موضع شیٹلور سے تعلق رکھنے والے خاندان کے 4 افراد رنجوہ 42 سال، سونی 18 سال، پرشانت 9 سال کے علاوہ اور ایک شخص مندر کے درشن پوجا پاٹ کیلئے بیرکور مانجرا ندی عبور کرنے کے دوران غرقاب ہوگئے۔ اس واقعہ کی اطلاع مقامی عوام کو ملتے ہی پولیس میں شکایت درج کروائی گئی۔ مواضعات کی عوام اور پولیس بیرکور نے تیراکوں کی مدد سے نعشوں کو مانجرا ندی سے باہر نکالا۔ ضلع کاماریڈی بی جے پی انچارج ارونا تارا نے اپنے قائدین کے ہمراہ مقام حادثہ پہنچ کر تمام تفصیلات معلوم کی۔ بعد ازاں ارونا تارا نے صحافیوں کو بتاتے ہوئے حکومت پر سخت تنقید کی اور کہا کہ غیر مجاز اور غیر قانونی طور پر مانجرا ندی سے بے تحاشہ ریت کی منتقلی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانونی طور پر ریت کی نکاسی کیلئے صرف2 میٹر تک کھدوائی کرنی چاہیئے لیکن من مانی کرتے ہوئے ریت کی کھدوائی تقریباً چھ تا آٹھ میٹر کرنے کی وجہ سے بڑے بڑے کھڈے ہوجانے کے باعث عوام موت کا شکار ہورہے ہیں۔ اس موقع پر مقامی عوام کے علاوہ بیرکور پولیس اور بی جے پی قائدین موجود تھے۔