ای ڈی نے کویتا کے نمائندہ کی موجودگی میں فونس کو کھولا

   

ایک دن قبل کویتا کو مکتوب وصول ،منگل کو ایڈوکیٹ کی ای ڈی کے ساتھ موجودگی
حیدرآباد۔28۔مارچ (سیاست نیوز) انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے عہدیداروں نے دہلی شراب اسکام معاملہ میں بی آر ایس کی رکن قانون ساز کونسل کویتا کی تحقیقات میں تیزی پیدا کی ہے ۔ تحقیقات کے حصہ کے طور پر ای ڈی کے عہدیداروں نے منگل کو کویتا کی جانب سے حوالے کردہ فونس کو کھول کر ان کا جائزہ لیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ کویتا کی جانب سے ان کے قانونی مشیر سوما بھرت ای ڈی کی انکوائری میں شریک ہوئے ۔ ای ڈی کے عہدیداروں نے پیر کو ایک مکتوب کویتا کو روانہ کرتے ہوئے فونس کھولنے کے دوران انہیں یا ان کے نمائندہ کو شخصی طور پر حاضر ہونے کی ہدایت دی تھی جس پر کویتا کے وکیل ای ڈی عہدیداروں سے رجوع ہوئے ۔ واضح رہے کہ 21 مارچ کو کویتا نے 9 فونس ای ڈی کے حوالے کیا تھا ۔ دہلی شراب اسکام کی تحقیقات میں ای ڈی کو پتہ چلا ہے کہ کویتا نے دو نمبرات کے ساتھ 10 سیل فون کا استعمال کیا تھا۔ 6209999999 نمبر سے 6 فون اور 8985699999 نمبر والے چار فون تبدیل کئے تھے ۔ ای ڈی نے دہلی شراب اسکام میں کویتا کے بشمول 36 لوگوں پر 70 فونس تبدیل کرنے کا الزام عائد کیا ہے ۔ ای ڈی کے عہدیداروں نے 11 مارچ کو کویتا کا ایک موبائیل ضبط کیا تھا ۔ پوچھ تاچھ کے دوران شام کو ای ڈی کے عہدیداروں نے کویتا کے ڈرائیور کو ان کے گھر روانہ کرتے ہوئے فون منگوایا تھا ۔ اس طرح کویتا کی جانب سے استعمال کئے گئے تمام فونس اب ای ڈی کی تحویل میں ہے ۔ن