ای وی ایم کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کر رہی ہے :این ایس یو آئی
نئی دہلی، 18 ستمبر (یو این آئی ) نیشنل اسٹوڈنٹس یونین آف انڈیا نے اے بی وی پی پر دہلی یونیورسٹی طلبہ یونین کے انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کا الزام لگایا ہے ۔ این ایس یو آئی نے جمعرات کو ایک بیان جاری کرتے ہوئے الزام لگایا کہ اسے مختلف کالجوں سے بار بار شکایتیں موصول ہو رہی ہیں کہ ووٹروں کو متاثر کرنے کیلئے ای وی ایم پر اے بی وی پی امیدواروں کے ناموں کے آگے نیلی سیاہی کے نشانات جان بوجھ کر لگائے گئے ہیں۔ یہ جمہوری عمل کو تباہ کرنے اور انتخابات میں دھاندلی کی براہ راست کوشش ہے ۔ یہ انتہائی تشویشناک ہیکہ دہلی یونیورسٹی انتظامیہ اے بی وی پی اور آر ایس ایس کی اعلیٰ قیادت کے کہنے پر کام کر رہی ہے اور انتخابات کی منصفانہ اور شفافیت سے سمجھوتہ کر رہی ہے ۔ انتظامیہ اور اے بی وی پی کے درمیان اس طرح کی ملی بھگت جمہوریت کی بنیادوں پر حملہ ہے۔ این ایس یو آئی کے امیدوار جاسلین نندیتا چودھری اور لوکش بھڈانا نے انتخابی نظام میں خامیوں پر گہری تشویش کا اظہار کرنے کیلئے کئی کالجوں کا دورہ کیا اور دہلی یونیورسٹی طلبہ یونین کے انتخابات میں این ایس یو آئی کے صدارتی امیدوار کو شکست دینے کی منظم کوششوں کی مذمت کی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ این ایس یو آئی مطالبہ کرتی ہے کہ یونیورسٹی الیکشن اتھارٹی فوری مداخلت کرے ، اس طرح کی دھاندلی کو روکے اور ان تاریخی انتخابات میں شفافیت کو یقینی بنائے ۔