واہ کیا اسکیم ہے ! اے پی بی جے پی صدر کے وعدے پرتارک راما راوکا طنز
حیدرآباد29دسمبر(یواین آئی) تلنگانہ کے وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے تارک راما راو نے بی جے پی کوایک کروڑووٹ دینے کی اپیل کے ساتھ ریاست میں برسراقتدارآنے پر صرف 75روپئے میں شراب دینے اورمزید آمدنی ہونے پر اس کو 50روپئے میں کرنے سے متعلق آندھراپردیش میں بی جے پی کے صدر سومو ویر راجو کے ایک جلسہ میں اعلان پر طنز کیا۔ وجئے واڑہ میں گذشتہ روز زعفرانی جماعت کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے سوموویرراجو نے یہ اعلان کیا تھا۔تارک راما راؤ نے کہاکہ بی جے پی نچلی سطح پر گرگئی ہے ۔سوشیل میڈیا کے اہم پلیٹ فارم ٹوئیٹر پر سرگرم کے ٹی آر ریاست کی حکمران جماعت ٹی آرایس کے کارگذارصدرو تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندرشیکھرراو کے فرزند بھی ہیں۔ انہوں نے ویرراجو کی ویڈیو اس خصوص میں ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا کہ 50روپئے میں سستی شراب سپلائی کرنا بی جے پی کی قومی پالیسی ہے یا یہ پیشکش صرف ان ریاستوں کے لئے ہے جہاں مایوسی زیادہ ہے ؟ سومویر راجو کا یہ ریمارک سیاسی حلقوں اور سوشیل میڈیا پر بحث کا موضوع بن گیا ہے ۔