اے پی میں خوفناک سڑک حادثہ، تین نوجوان ہلاک

   

حیدرآباد 11نومبر(یواین آئی) مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی جانب سے سڑک حادثات کی روک تھام کے لئے مسلسل بیداری مہم چلائے جانے کے باوجود حادثات کا سلسلہ کم ہونے کا نام نہیں لے رہا ہے ۔ تیز رفتاری کے باعث پیش آنے والے حادثات میں کئی افرادہلاک ہورہے ہیں۔ آج اے پی کے ضلع کرشنا کی اوئیورو۔مچھلی پٹنم نیشنل ہائی وے پر ایک دلخراش سڑک حادثہ پیش آیا۔ گنڈی گنٹہ کے قریب ایک کار بے قابو ہوکر الٹ گئی جس میں تین نوجوان موقع پر ہی ہلاک ہوگئے ۔ مہلوکین کی شناخت کنڈورو گاؤں کے چندیا (17)، راکیش بابو (24) اور پرنس (24) کے طور پر کی گئی ہے ۔ حادثہ میں ایک اور شخص شدید زخمی ہوا، جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ قومی شاہراہ پر ٹریفک جام لگ گیا، جسے پولیس نے بحال کرنے کے لیے کوششیں کیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوتا ہے کہ گاڑی تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہوئی۔ مقامی افراد کے مطابق حد سے زیادہ رفتار ہی اس حادثہ کی اصل وجہ ہے ۔ مہلوکین کی نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے سرکاری ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ حادثہ کے بعد گاؤں میں غم کی فضا چھا گئی۔