اے پی میں رعیتو بھروسہ اسکیم کا افتتاح، وزیراعظم مدعو

   

چیف منسٹر جگن موہن ریڈی کی نئی دہلی میں نریندر مودی سے ملاقات
حیدرآباد ۔ 6 اکٹوبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے آج دہلی پہنچ کر وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔ وہ آج وجئے واڑہ سے دہلی پہنچے اور وزیراعظم سے ملاقات کی۔ اس موقع پر جگن نے آندھراپردیش سے متعلق بعض اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ 15 اکٹوبر کو ریاست میں حکومت سے شروع کی جانیوالی ’’رعیتو بھروسہ اسکیم‘‘ کی افتتاحی تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کرنے مودی کو دورہ آندھراپردیش کیلئے مدعو کیا۔ علاوہ ازیں چیف منسٹر نے ریاست کے پسماندہ اضلاع کیلئے خصوصی فنڈز جاری کرنے کی بھی خواہش کی۔ بتایا جاتا ہیکہ جگن موہن ریڈی نے پولاورم پراجکٹ کے ریورس ٹنڈر کے ذریعہ بچنے والی رقومات کی تفصیلات سے وزیراعظم کو واقف کروایا اور آندھراپردیش سے تعلق رکھنے والے مختلف مسائل، مرکزی حکومت سے مربوط بعض اہم امور پر وزیراعظم کی توجہ مبذول کروانے کے ساتھ ساتھ تلنگانہ اور آندھراپردیش ریاستوں کی جانب سے مشترکہ طور پر کرشنا، گوداوری کو ایک دوسرے سے مربوط کرنے کیلئے مرتب کئے جانے والے منصوبوں سے بھی وزیراعظم مسٹر نریندر مودی کو واقف کروانے کی اطلاعات پائی جاتی ہیں بالخصوص تقسیم ریاست آندھراپردیش کے موقع پر دیئے گئے تیقنات اور پولاورم پراجکٹ کی عاجلانہ تکمیل کیلئے درکار فنڈز کی فراہمی پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے عاجلانہ فراہمی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔