حیدرآباد۔5دسمبر (یو این آئی) سمندری طوفان میچنگ سے ساحلی آندھرا پردیش اور رائلسیما اضلاع میں مسلسل بارش اور شدید طوفانی ہواوں کے ساتھ تباہی مچا رہا ہے ۔ ساحلی اے پی کے اضلاع بشمول نیلور، پرکاشم، گنٹور، کرشنا، مغربی گوداوری، مشرقی گوداوری اور رائلسیما کے کڑپہ اور تروپتی اس کی زد میں ہے کیونکہ فصلوں، املاک اور جانوں کے نقصان کی اطلاع ملی ہے ۔ متحدہ کڑپہ ضلع میں ایک کانسٹیبل اس وقت ہلاک ہو گیا جب ایک درخت اس پر گرپڑا۔ طوفان کے زیر اثر پیر کی شام سے نیلور، پرکاشم اور گنٹور اضلاع میں بیشتر مقامات پر مسلسل بارش ہو رہی ہے اور عام زندگی درہم برہم ہو کر رہ گئی ہے ۔ بجلی کی سپلائی بند ہونے سے اضلاع کے کئی مواضعات تاریکی میں ڈوب گئے ہیں۔ بجلی کے کھمبے و درخت گرنے کی اطلاع ہے ۔ نظام پٹنم و کرشنا پٹنم بندرگاہوں پر وارننگ کا نشان 10 جاری کر دیاگیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق طوفان سے متاثرہ اضلاع میں 10,000 سے زیادہ افراد کو راحت کیمپس منتقل کیا گیا ۔ گناورم و وشاکھاپٹنم ایرپورٹ پر پروازیں منسوخ کی گئیں۔ ترومالا میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 10 ملی میٹر بارش ہوئی۔ تروپتی کے تمام اہم راستوں پر پانی جمع ہوگیا ہے جس کے نتیجہ میں کئی کالونیاں زیرآب آگئیں۔نیلور میں کئی سڑکوں کو نقصان پہنچا۔ کڑپہ میں کئی فصلوں کو بری طرح نقصان پہنچا ہے ۔
ضلع کلکٹرس کو آئندہ دو دن چوکس رہنے چیف سکریٹری کی ہدایت
شمالی و جنوبی تلنگانہ میں موسلا دھار بارش کا امکان، نشیبی علاقوں میں چوکسی کا مشورہ
حیدرآباد۔/5 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) چیف سکریٹری شانتی کماری نے تمام ضلع کلکٹرس کو طوفان کے زیر اثر ریاست میں آئندہ دو دن تیز و موسلا دھار بارش کے امکانات کے پیش نظر چوکسی کی ہدایت دی ہے۔ چیف سکریٹری نے طوفان میچانگ کے زیر اثر بارش کے امکان پر اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا اور محکمہ موسمیات کی الرٹ کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ کئی اضلاع میں بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجہ میں ضلع کلکٹرس کو چوکس رہنا چاہیئے۔ انہوں نے ٹیلی کانفرنس کے ذریعہ حکام کو ہدایت دی کہ بارش سے امکانی متاثر ہونے والے علاقوں میں احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔ کتہ گوڑم و ملگ اضلاع میں این ڈی آر ایف ٹیمیں روانہ کی جائیں گی۔ بارش سے جو تالاب لبریز ہوچکے ہیں وہاں پانی کی نکاسی سے نشیبی علاقوں کا تحفظ کیا جائے۔ انہوں نے محکمہ جات آبپاشی، عمارات و شوارع، پنچایت راج اور ریوینیو کو چوکسی کی ہدایت دی۔ شانتی کماری نے کہا کہ نشیبی علاقوں میں چوکس رہیں اور ضرورت پر عوام کو محفوظ مقامات منتقل کیا جائے۔ انہوں نے محفوظ علاقوں میں منتقلی کیلئے ریلیف کیمپس قائم کرنے کا مشورہ دیا۔ شانتی کماری نے کہا کہ محکمہ موسمیات نے خلیج بنگال میں طوفان کے زیر اثر شمالی اورجنوبی تلنگانہ اضلاع میں آئندہ دو دن بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔ ٹیلی کانفرنس کے موقع پر اسپیشل چیف سکریٹری راہول بوجا کے علاوہ اضلاع کتہ گوڑم، کھمم، ملگ ، ہنمکنڈہ، ورنگل، جنگاؤں، محبوب آباد، سوریا پیٹ اور دیگر ضلع کلکٹرس شریک تھے۔ چیف سکریٹری نے بتایا کہ آج اور کل ریاست میں موسلا دھار بارش ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بارش اور سیلاب کے موقع پر سابق کی طرح تمام احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔ محکمہ جات کو آپسی تال میل کے ساتھ کام کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔