حیدرآباد۔/20 اپریل ، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش حکومت نے 16347 ٹیچرس کی جائیدادوں پر تقررات کیلئے میگا ڈی ایس سی 2025 کا اعلان کیا ہے۔ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی و تعلیم نارا لوکیش نے میگا ڈی ایس سی کا شیڈول جاری کیا۔ شیڈول کے مطابق 20 اپریل تا 15 مئی آن لائن درخواستیں داخل کی جاسکتی ہیں اور فیس بھی آن لائن داخل کرنی ہوگی۔ 30 مئی سے امیدوار ہال ٹکٹ ڈاون لوڈ کرسکتے ہیں۔ 6 جون سے 6 جولائی تک امتحانات کا انعقاد عمل میں آئے گا۔ تمام امتحانات کی تکمیل کے دو دن بعد ابتدائی ’ کی ‘ جاری کی جائیگی۔ اس کے سات دن تک اعتراضات کی سماعت کی جائے گی۔ اعتراضات کی یکسوئی کے ایک ہفتہ بعد ’ فائنل کی‘ جاری کی جائے گی۔ جس کے ایک ہفتہ بعد میرٹ لسٹ جاری کردی جائے گی۔ حکومت نے آندھرا پردیش کے مختلف زونس کے تحت پرنسپل پی جی ٹی، ٹی جی ٹی، پی ڈی اور پی ای ٹی زمرہ جات کے تحت مخلوعہ جائیدادوں کی نشاندہی کی ہے۔ 4 زونس کے تحت 2228 مخلوعہ جائیدادوں کی نشاندہی کی گئی۔ اسی دوران ڈائرکٹر اسکول ایجوکیشن وجئے راما راجو نے بتایا کہ درخواستوں کے ادخال کی تفصیلات، شیڈول، نصاب اور دیگر تفصیلات محکمہ اسکول ایجوکیشن کی ویب سائیٹ https://apdsc.apcfss.in پر مشاہدہ کی جاسکتی ہیں۔1