ا12 اپریل جاریہ تعلیمی سال کا آخری دن : محکمہ تعلیمات کا فیصلہ

   

مقررہ تاریخ کے بعد سرکاری یا خانگی اداروں کی کارکردگی پر مسلمہ حیثیت ختم کردینے کا انتباہ

حیدرآباد۔10مارچ(سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں کوئی بھی خانگی یا سرکاری تعلیمی ادارہ اگر 12اپریل کے بعد جاری رہتا ہے تو اس کی مسلمہ حیثیت کو ختم کردیا جائے گا اور ان کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔ محکمہ تعلیم کے عہدیداروں نے بتایا کہ ریاست میں کسی بھی تعلیمی اداروں کو 12اپریل کے بعد امتحانات جاری رکھنے یا اسکول چلانے کی اجازت حاصل نہیں رہے گی کیونکہ محکمہ تعلیم نے 12اپریل کو تعلیمی سال کا آخری دن قرار دیا ہے اور اس کے بعد اسکولوں کو جاری رکھنا غیر قانونی تصور کرتے ہوئے ان کے خلاف کاروائی کی گنجائش موجود رہے گی۔ حکومت تلنگانہ کے محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری کئے جانے والے سرکاری اعلامیہ میں اس بات کی وضاحت کردی گئی ہے کہ 12 اپریل تعلیمی سال 2018-19کا آخری دن ہے اور اس کے بعد کسی بھی اسکول کو جاری رکھنے کا اختیار نہیں رہے گا۔ شہر حیدرآباد کے علاوہ سکندرآباد کے کئی اسکولو ںمیں اپریل کے دوسرے ہفتہ میں سالانہ امتحانات رکھنے کے اعلانات کئے گئے ہیں جو کہ محکمہ تعلیم کے اعلامیہ کی صریح مخالفت کے مترادف ہے۔ محکمہ تعلیم کے عہدیداروں نے بتایا کہ شہر حیدرآباد و سکندرآبادکے جن اسکولو ںمیں اپریل کے دوسرے ہفتہ میں امتحانات کے انعقاد کا ٹائم ٹیبل جاری کیا گیا ہے اگر ان کی تفصیلات محکمہ تعلیم کو موصول ہوتی ہے تو ایسی صورت میں ریاستی محکمہ تعلیم کی جانب سے ان اسکولوں کے خلاف کاروائی کو یقینی بنایاجائے گا اور انتظامیہ کے خلاف سخت اقدامات کئے جائیں گے۔ دونوں شہروں میں محکمہ تعلیم کے اعلامیہ کی اجرائی کے بعد امتحانات کے ٹائم ٹیبل میں تبدیلی لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ شہر حیدرآباد کے علاوہ اضلاع کے اسکولو ںمیں بھی 12اپریل کو تعلیمی سال کے اختتام کے سلسلہ میں اقدامات کئے جا نے لگے ہیں ۔ محکمہ تعلیم کے عہدیداروں نے مزید بتایا کہ جن اسکولوں میں 12اپریل کے بعد اسکولوں کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا جائے گا ان اسکولوں کے متعلق معلومات فراہم کرنے والوں کے ناموں کو پوشیدہ رکھتے ہوئے ان کے خلاف کاروائی کی جائے گی ۔ خانگی اسکولوں کے ذمہ داروں کو ضلع ایجوکیشن آفیسر کی جانب سے جاری کردہ احکامات میں یہ واضح کیا جا چکا ہے کہ 12اپریل 2019 تعلیمی سال کا آخری دن ہوگا اس کے بعد اسکولوں میں کسی بھی طرح کی تعلیمی سرگرمیاں احکامات کی خلاف ورزی تصور کرتے ہوئے اسکول انتظامیہ کے خلاف کاروائی کا جواز پیدا کریں گی۔