’بابا مہاکال‘ کی سواری پر تھوکنے والوں کے گھروں پر چلا بلڈوزر

,

   

اجین: مدھیہ پردیش کے اجین میں آج ٹنکی چوک پر صبح سے ہی بہت گہما گہمی دیکھی گئی۔ پولیس اور انتظامیہ کی ٹیم نے بابا مہاکال کی سواری پر تھوکنے اور کلی کرنے والے ملزمین کے گھروں پر بلڈوزر چلادیا۔ اس کارروائی کی تیاری پہلے سے ہی کر لی گئی تھی اور آج صبح جب ڈھول کے ساتھ منادی ہوئی تو بڑی تعداد میں لوگ جمع ہو گئے۔ پوکلین اور جے سی بی مشین کے ساتھ میونسپل کارپوریشن کے اہلکار پہنچے اور جب مکان منہدم کرنے کی تیاری ہو رہی تھی تو ان مکانات میں رہنے والے لوگوں نے کچھ دیر کی مہلت چاہی تاکہ سامان باہر نکال سکیں۔ پھر کولر، اے سی، فریج اور کچھ دیگر اہم سامان کو باہر نکالا گیا اور پھر پوکلین و جے سی بی کے ذریعہ مکانات کو منہدم کرنے کی کارروائی شروع ہو گئی۔ اب وہاں ہر طرف ملبہ دکھائی دے رہا ہے۔اس معاملے میں ایڈیشنل ایس پی آکاش بھوریا نے بتایا کہ چند روز قبل بابا مہاکال کی سواری پر تھوکنے اور کْلّی کرنے اور اس پر پانی پھینکنے والے تین لوگوں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے تعزیرات ہند کی دفعات 295 اے، 153 اے، 296 اور 505 کے تحت معاملہ درج کرکے انھیں گرفتار کر لیا گیا تھا۔ اس کے بعد ان کے خلاف جانچ شروع ہوئی اور میونسپل کارپوریشن اور ریونیو کی ٹیم کو پوری جانکاری دی گئی ۔ میونسپل کارپوریشن کی ٹیم نے ان کے مکانات کو توڑنے کیلئے دستاویزات کھنگالے جن میں دو مکانات میں بے قاعدگی سامنے آئی جس کے بعد آج یہ مکانات توڑنے کی کارروائی کی گئی۔ آج کی انہدامی کارروائی سے متعلق علاقے میں پہلے ہی جانکاری دے دی گئی تھی۔ بابا مہاکال کی سواری پر تھوکنے سے متعلق معاملے میں پولیس نے ملزمین کو عدالت میں پیش کیا تھا جہاں سے دو نابالغوں کو چلڈرن ہوم اور ایک کو سنٹرل جیل بھیروگڑھ پہنچایا گیا۔ اس کے بعد پولیس نے آج صبح ان کے مکانات کو توڑنے کی کارروائی شروع کی۔ آج جب مکانات کو منہدم کرنے کا عمل شروع ہوا تو اس وقت ٹنکی چوک پر کثیر تعداد میں پولیس فورس موجود تھی۔ صبح سے ہی اس کارروائی کو لیکر علاقے میں پولیس افسران موجود رہے جنھوں نے علاقے میں آنے جانے والی گاڑیوں پر بیریکیڈ کے ذریعہ سے روک لگا دی تھی۔