بابری مسجد مسئلہ کی ثالثی کے ذریعہ یکسوئی !…. سپریم کورٹ کا آج فیصلہ

,

   

نئی دہلی ۔ /7 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کور ٹ کی جانب سے کل بروز جمعہ یہ فیصلہ کیا جائے گا کہ آیا ایودھیا میں رام جنم بھومی بابری مسجد اراضی تنازعہ کے دوستانہ تصفیہ کے لئے ثالثی کے ذریعہ یکسوئی کی جائے یا نہیں ۔ سپریم کورٹ نے بابری مسجد اراضی تنازعہ کی یکسوئی بات چیت کے ذریعہ کرنے اور ثالثی سے رجوع کرنے پر غور کیا تھا ۔ پانچ رکنی دستوری بنچ نے جس کی قیادت چیف جسٹس رنجن گگوئی کررہے ہیں، چہارشنبہ کے دن ہی ثالثی معاملہ پر اپنا ’آرڈر‘ محفوظ کردیا تھا ۔ اس کیس میں مختلف دعویدار فریقوں کی سماعت کے بعد سپریم کورٹ کا فیصلہ محفوظ کرلیا گیا ۔ اس فیصلہ کا جمعہ 8 مارچ کو اعلان کیا جائے گا ۔ ہندوؤں کی نمائندگی کرنے والے اداروں نے ثالثی کے ذریعہ مسئلہ حل کرلینے سپریم کورٹ کی تجویز کی مخالفت کی۔ صرف نرموہی اکھاڑہ نے اس پر رضامندی ظاہر کی جبکہ مسلم اداروں نے عدالت کی رائے کی حمایت کی ہے ۔ بنچ نے کہا کہ یہ مسئلہ نازک ہے اور اس کا عوام الناس کے جذبات پر اثر پڑے گا ۔ اس کے علاوہ ملک کی سیاسی پارٹیوں پر بھی اثر پڑسکتا ہے ۔ بنچ نے یہ بھی کہا کہ ثالثی کے ناکام ہوجانے سے متعلق قبل از وقت فیصلہ کرنا مناسب نہیں ہے اور یہ سمجھنا بھی غلط ہے کہ عوام اس فیصلہ سے اتفاق نہیں کریں گے ۔ ہم جانتے ہیں کہ اس مسئلہ کا لوگوں کے دل و دماغ پر کیا اثر پڑے گا ۔