اجودھیا تنازعہ کی سماعت ہفتے کے روز نہیں ہوگی۔ اجودھیاتنازعہ کی آج ہونے والی 37 ویں دن کی سماعت کے دوران چیف جسٹس آف انڈیا رنجن گوگوئی نے واضح کیا کہ ہفتے کے روز متوقع سماعت نہیں ہوگی ۔ اب اس مقدمے کی سماعت 14 اکتوبر کو ہوگی ، کیونکہ دسہرہ کی وجہ سے عدالت عظمیٰ میں پورے ہفتے کی چھٹی ہے۔
مسلم فریق کے وکیل ڈاکٹر راجیو دھون نے کہا کہ وہ آج پورا دن لیں گے۔ بعدازاں کل اگر سپریم کورٹ بیٹھتی ہے تو وہ کل تقریباً ایک گھنٹے کا مزید وقت لیں گے ۔ اس کے بعد باقی ساتھی اپنے دلائل پیش کریں گے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت عظمیٰ کل نہیں بیٹھے گی۔ اس کے بعد اب 14 اکتوبر کو سماعت ہوگی ۔ مسٹر دھون نے کہا کہ ٹھیک ہے کہ ہم 14 اکتوبر کو اپنے دلائل مکمل کر لیں گے۔ ہم اس سے زیادہ وقت نہیں لیں گے۔
واضح رہے کہ اجودھیا تنازعہ کی سماعت کرنے والی پانچ رکنی آئینی بنچ میں چیف جسٹس آف انڈیا سمیت جسٹس ایس اے بوبڈے ، جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ ، جسٹس اشوک بھوشن اورجسٹس ایس عبد النظیر شامل ہیں۔