سڈنی ۔ 13 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلیا کے سابق ٹسٹ کرکٹر مائیک ہسی بھی پاکستانی بیٹسمین بابر اعظم کی صلاحیتوں کے متعرف نکلے اور انہیں دورحاضر کے بہترین بیٹسمین میں سے ایک قرار دے دیا۔ ویب سائٹ سے بات کرتے ہوئے مائیک ہسی نے آسٹریلیا اے کے خلاف بابر اعظم کی اننگز کو شاندار قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بابر اعظم اس وقت دور حاضر کے بہترین کھلاڑیوں ویراٹ کوہلی (ہندوستان) اور اسٹیو اسمتھ (آسٹریلیا) کے قریب آرہے ہیں۔آسٹریلیا اے کے خلاف سائیڈ اے میچ میں بابر اعظم نے ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر نہ صرف ٹیم کو مشکلات سے باہر نکالا بلکہ اسد شفیق کے ساتھ مل کر 276 رنز کی پارٹنر شپ بھی بنائی تھی۔ مائیک ہسی نے بابر اعظم کے اننگزکی تعریف کی اورکہا کہ وہ بہترین ٹائمنگ کے ساتھ پورے میدان میں شاٹ کھیل رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ یہ نوجوان بہت جلد اس گفتگو کا حصہ بن جائے گا جو ہم دنیا کے بہترین کھلاڑیوں کے لیے کیا کرتے ہیں۔ مسٹر کرکٹ کے نام سے مشہور ہسی کے بموجب جب ہم بہترین کھلاڑیوں کی بات کرنا شروع کرتے ہیں تو ویراٹ کوہلی، اسٹیواسمتھ، کین ولیمسن اور جیو روٹ اس بحث کے ارد گرد گھومتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرا خیال رہے کہ بابر اعظم اپنی اس اننگز کی طرح سنچری ٹسٹ کرکٹ میں بھی کرسکتے ہیں، وہ ایک بہت بہت اچھا کھلاڑی ہے۔ یاد رہے کہ کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر بابر اعظم کی اس اننگز کی جھلکیاں بھی جاری کی گئیں تھی۔