ا سلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹسمین بابر اعظم کو ایک بار پھر ٹی 20 اور ون ڈے ٹیم کا کپتان بنانے کی پیشکش کردی جب کہ مایہ ناز بیٹسمین نے تینوں فارمیٹ کی کپتانی دینے کا مطالبہ کیا ہے۔رپورٹ کے مطابق پی سی بی بابر اعظم کو وائٹ بال ٹیم کا کپتان بنانا چاہتا ہے تاہم بابر اعظم نے تینوں فارمیٹ کی قیادت کا مطالبہ کیا ہے۔رپورٹ کے مطابق پی سی بی کی جانب سے کپتانی سے متعلق حتمی اعلان پیر کو کیے جانے کا امکان ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے بابر اعظم کو ون ڈے اور اور ٹی 20 ٹیم کی قیادت کرنے کی پیشکش کی ہے جب کہ اسٹار بیٹسمین نے دوبارہ کپتان بننے کے لیے شرائط عائد کرتے ہوئے حکام سے تینوں فارمیٹ کی کپتانی کی بات کی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے مزید بات چیت کے لیے پی سی بی سلیکشن کمیٹی کے اراکین نے کاکول جاکر بابر اعظم سے ملاقات کا فیصلہ کیا ہے۔دوسری جانب ذرائع نے موجودہ ٹی 20 کپتان شاہین آفریدی سے متعلق دعویٰ کیا کہ وہ کپتان کی تبدیلی کی خبروں سے ناخوش ہیں۔واضح رہے کہ پی سی بی پہلے ہی بابر اعظم کو ایک بار پھر ٹی 20 ٹیم کا کپتان بنانے کا فیصلہ کرچکا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ اگلے ماہ شروع ہونے والے نیوزی لینڈ کے خلاف 5 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز میں کپتانی کریں گے، پاکستان کرکٹ بورڈ باقاعدہ طور پر جلد اعلان کرے گا۔یاد رہے کہ ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی دکھانے کے بعد 15 نومبر 2023 میں بابر اعظم نے تینوں فارمیٹس سے استعفیٰ دیدیا تھا، استعفے کے بعد پی سی بی نے ٹی 20 ٹیم کے لیے شاہین شاہ آفریدی کو کپتان مقرر کیا تھا۔