بابر انڈیا میں ورلڈ کپ پاکستان کو جتوانے کے شدید خواہشمند

   

لاہور: پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ ان کی شدید خواہش ہے کہ وہ اس سال کے اواخر ہندوستان میں ہونے والا ورلڈ کپ پاکستان کیلئے جیتیں۔ دو بار کے آئی سی سی مینز ونڈے پلیئر آف دی ایئر بابر نے تازہ انٹرویو میں آئی سی سی ڈیجیٹل انسائیڈر کی میزبان زینب عباس سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ 24مہینوں میں ونڈے کرکٹ میں تقریباً ہر ممکن کامیابی حاصل کی ہے ، لیکن ایک اور اعزاز بھی ہے جسے وہ حاصل کرنا چاہتے ہیں اور وہ رواں سال کے آخر میں ہندوستان میں ہونے والا ورلڈ کپ ہے۔ بابر ونڈے کرکٹر آف دی ایئر کا اعزاز جیتنے والے واحد پاکستانی کرکٹر ہیں جبکہ یہ لگاتار دوسرا سال ہے کہ کسی پاکستانی کھلاڑی نے آئی سی سی کرکٹر آف دی ایئر کا اعزاز حاصل کیا ہے ۔ آئی سی سی کے مطابق 2022 میں بابر واحد بیاٹر تھے جنھوں نے تمام فارمٹس میں مجموعی طور پر 2 ہزار سے زیادہ رنز بنائے ۔ بابر نے انٹرویو کے دوران اپنی شدید خواہش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ وہ عمران خان کی طرح پاکستانی ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے پاکستان کو دوسری مرتبہ ورلڈ کپ چمپئن کے مقام تک پہنچانا چاہتے ہیں ۔ آئی سی سی ڈیجیٹل نے جب کپتان سے ان کے کریئر کی خواہش کے بارے میں سوال کیا تو 28 سالہ بابر نے بتایا کہ ورلڈ کپ ٹیم کا حصہ بننا اور ٹورنمنٹ جیتنا میری خواہش ہے۔