شاہین کو کیپٹن بنا ہی دیا تھا تو فوراً ہی اسے کپتانی سے ہٹانا غلط طریقہ ہوا، شاہد آفریدی کا ردعمل
کراچی : سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ بابر اعظم کو شاہین شاہ آفریدی کی کپتانی میں کھیلنا چاہیے تھا، اس طرح ان کی عزت میری اور دنیا کی نظر میں اور بڑھ جاتی۔ گزشتہ برس بھارت میں ہونے منعقدہ ورلڈکپ میں پاکستانی ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد بابر اعظم نے کپتانی چھوڑنے کا فیصلہ کیا تھاجس کے بعد شان مسعود کو ٹسٹ جب کہ شاہین آفریدی کو ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی کپتانی سونپی گئی تھی۔ بعد ازاں ٹیم کو آسٹریلیا کے خلاف 3 ٹسٹ میچوں کی سیریز میں وائٹ واش جب کہ نیوزی لینڈ کے خلاف 5 ٹی20 میچوں کی سیریز میں 1-4 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد پی سی بی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے قبل بابراعظم کو ایک بار پھر ٹی ٹوئنٹی اور ونڈے کا کپتان مقرر کردیا۔ تاہم اس بار شاہین نے بابر کی نائب کپتانی قبول کرنے سے انکار کردیا تھا۔ اس حوالے سے نجی میڈیا سے گفتگو میں شاہد آفریدی نے کہا کہ اگر بابر اعظم ماضی میں موقف اختیار کرلیتے اور کہتے کہ میں شاہین کی کپتانی میں کھیلنا چاہتا ہوں تو میری اور دنیا کی نظر میں بابر اعظم کی عزت اور زیادہ بڑھ جاتی۔ شاہد آفریدی نے ایک بار پھر شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ نے شاہین کو کپتان بنا ہی دیا تھا تو یہ بہت غلط طریقہ تھا کہ فوراً ہی اسے کپتانی سے ہٹادیا جائے۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے دوران پاکستانی ٹیم میں گروہ بندی پر بات کرتے ہوئے سابق کرکٹر نے کہا کہ گروپنگ کسی بھی کپتان کو کمزور کرتی ہے، جب کسی ٹیم میں گروپ بننے لگیں تو اس کا مطلب ہے کہ کپتان کی عزت ٹیم میں کم ہورہی ہے۔