بابلی بیاریج کے 14 دروازے کھول دیے گئے ، تلنگانہ کیلئے گوداوری کے پانی کی راہ ہموار

   

حیدرآباد، یکم جولائی (یو این آئی) مہاراشٹرا کے ناندیڑ ضلع کے دھرم آباد تعلقہ میں واقع بابلی بیاریج کے 14 دروازے منگل کی صبح 9:38 بجے کھول دیے گئے ۔ یہ اقدام سپریم کورٹ کے 2023 کے فیصلے کے تحت عمل میں آیا جس کے تحت گوداوری دریا کا پانی سری رام ساگر پراجیکٹ کو منتقل کیا جانا ہے ۔یہ قدم تلنگانہ کے نظام آباد، عادل آباد اور دیگر اضلاع کی پینے کے پانی کی ضروریات کو پورا کرنے اٹھایا گیا ۔ یہ تمام دروازے 28 اکتوبر تک کھلے رہیں گے تاکہ مانسون کے دوران پانی کو سری رام ساگر پراجیکٹ تک پہنچایا جا سکے ۔اس عمل کی نگرانی مہاراشٹرا، تلنگانہ اور مرکزی آبی کمیشن عہدیدارکر رہے ہیں۔ حکام کے مطابق، اس سال بابلی بیاریج میں پانی کا ذخیرہ حالیہ برسوں میں سب سے کم ہے ۔ آبپاشی محکمہ کے اعداد و شمار کے مطابق، گزشتہ سال اسی دن ذخیرہ 0.2 ٹی ایم سی فٹ تھا، 2023 میں 0.47 ٹی ایم سی فٹ، جب کہ 2022 میں یہ صرف 0.04 ٹی ایم سی فٹ ریکارڈ کیا گیا تھا۔دروازے کھلنے کے بعد بیاریج میں موجود پانی اور مانسون کی آمد سے سری رام ساگر پراجیکٹ میں پانی کی سطح میں اضافہ متوقع ہے ۔ منگل کو ایس آرایس پی میں پانی کا موجودہ ذخیرہ 15.67 ٹی ایم سی فٹ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ اس کی مکمل گنجائش 80.50 ٹی ایم سی فٹ ہے ۔ فی الحال 1,800 کیوسکس پانی کی آمد درج کی گئی ہے ۔یہ پانی تلنگانہ میں 9.6 لاکھ ایکڑ اراضی کو سیراب کرنے اور پینے کے پانی کی ضروریات کو پورا کرنے انتہائی اہمیت رکھتا ہے ۔