لندن، 22 اگست (یو این آئی) برطانیہ نے پاکستان کے مانسون سے ہونے والی تباہ کاریوں سے بحالی میں مدد کے لیے 50 کروڑ روپے کی امداد دینے کا اعلان کیا ہے ۔ برطانوی ہائی کمیشن کے مطابق فنڈنگ سے پنجاب، گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے 7 متاثرہ اضلاع میں 2 لاکھ 23 ہزار سے زائد افراد کو مدد فراہم کی جائے گی۔ اعلامیے کے مطابق برطانیہ کی یہ معاونت ہنگامی امداد اور بحالی کی عمل کو بہتر بنا رہی ہے ، جس میں خشک راشن کی فراہمی، سرچ اینڈ ریسکیو آپریشنز، موبائل میڈیکل کیمپس، پینے کے پانی کے نظام کی بحالی، آبپاشی کے چینلز کی مرمت اور روزگار و زراعت کی معاونت شامل ہیں۔ برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے اس حوالے سے کہا کہ برطانیہ کے فنڈ شدہ پروگراموں کے ذریعے متاثرہ کمیونٹیز کو سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے بعد فوری مدد فراہم کی جا رہی ہے ۔ قومی اور صوبائی حکام اور شراکت داروں کے ساتھ قریبی تعاون کے ذریعے ، برطانیہ پاکستان کی ڈیزاسٹر ریسپانس اور بحالی کے عمل کو مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے ۔