بارش: ریاست کے 8 ریڈ زون میں نظام آباد کے 5 علاقے شامل

   

بعض سڑکیں جھیل میں تبدیل، عام زندگی مفلوج، ریاستی وزیر پرشانت ریڈی کا دورہ، جنگی خطوط پر امدادی اقدامات کی ہدایت

نظام آباد :25؍ جولائی( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ضلع نظام آباد میں گذشتہ 24 گھنٹے سے ہوئی بارش کے باعث عام زندگی مفلوج ہوگئی ہے ۔ گذشتہ 24گھنٹے سے ضلع میں بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔ ضلع میں سب سے زیادہ بارش ویلپور میں 46.3 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ۔ آرمور میں 331 ، بھیمگل 264.5 ، کمر پلی 226.5 ، جکران پلی 222 ریکارڈ کی گئی اور ضلع میں سب سے کم بارش موسرہ 3.8 ریکارڈ کی گئی ۔ نظام آباد میں 56.5 بارش ریکارڈ کی گئی ۔ بارش کی وجہ سے نظام آباد کی سڑکیں بالخصوص بودھن روڈ کی سڑک جھیل میں تبدیل ہوگئی ہر بارش میں بودھن روڈ کے اطراف و اکناف کے نشیبی علاقہ کے عوام کو پانی کی عدم نکاسی سے انتہائی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ کل شام سے صبح تک نظام آباد ضلع میں ہوئی بارش ویلپور منڈل میں تالاب اور سڑکوں کو نقصان پہنچائی ۔ ویلپور منڈل کے جانکم پیٹ تالاب کا کٹہ ٹوٹنے کی وجہ سے سڑکیں بہہ گئی ۔ وزیر عمارت و شوارع پرشانت ریڈی نے آج ضلع کلکٹر راجیو گاندھی ہنمنتو کے ہمراہ ویلپور منڈل کے متا ثرہ علاقوں کا دورہ کیا ۔ ویلپور منڈل میں 6 گھنٹوں میں 46.3 سنٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ بارش کی وجہ سے جانکم پیٹ ، پچلانڑکہ کے تالاب کے کٹے ٹوٹ گئے ہیں ۔ ان دونوں علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے کٹے کی مرمت کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دیتے ہوئے جنگی خطوط پر اقدامات کرنے کی ہدایت دی ۔ بارش کی وجہ سے فصلیں بھی متاثر ہوئی اور ریت جمع ہوگئی ہے۔ نشیبی علاقہ کے عوام رہیبل سنٹرس( محفوظ مقامات) پر منتقل کرتے ہوئے انہیں قیام و طعام کا نظم کرنے کی ہدایت دی ۔ پرشانت ریڈی نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ ریاست گیر سطح پر 8 مقامات پر سب سے زیادہ بارش ہوئی ہے اور مقامات کو ریڈ زون قرار دیا گیا اور ان میں نظام آباد کے 5 علاقہ شامل ہے جن میں پرکٹ ، ویلپور ، بھیمگل ، کونا سمندر، جکران پلی شامل ہے ۔ بالکنڈہ حلقہ کے تین علاقہ سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں اور فصلوں کو نقصان ہوا ہے اور سڑکیں بہہ گئی ہے ۔ انہوں نے عوام کو چوکسی برتنے کی اور عہدیداروں کو ہیڈ کوآرٹر پر رہتے ہوئے جنگی خطوط پر اقدامات کرنے اور دیہی سطح پر کمیٹیاں تالابوں پر نظر رکھنے کی ہدایت دی۔ ضلع کلکٹر راجیو گاندھی ہنمنتو نے بتایا کہ بارش سے متاثر ہ اور سلاب سے متاثرہ علاقوں کی جنگی خطوط پر اقدامات کرنے کی ایریگیشن ، ٹرانسکو ، آراینڈ بی ، پنچایت راج ، ریونیو ، پولیس محکموں کو چوکس کیا گیا ہے ۔ نشیبی علاقہ کی عوام کو رہیبل سنٹر کو منتقل کیا جارہا ہے اور ضلع میں بارش سے متاثر ہ علاقہ پر خصوصی طو رپر نظر رکھی گئی ہے۔