بارش متاثرین کی بازآبادکاری ضروری

   

صدر مہیلا کانگریس صغریٰ بی کی رکن اسمبلی ودیا ساگر راؤ سے نمائندگی
کورٹلہ۔ 6؍اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ محترمہ صغریٰ بی صدر مہیلا کانگریس کورٹلہ نے رکن اسمبلی کورٹلہ جناب کلواکنٹلہ ودیا ساگر راؤ سے حالیہ بارش سے شہر کورٹلہ میں جو تباہی مچی ہے، بارش کے متاثرین کی بازآبادکاری کو یقینی بنانے کے لئے حکومت سے نمائندگی کرنے کا مطالبہ کیا۔ انھوں نے خواتین کے ہمراہ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریاستی حکومت کو انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ حالیہ دنوں کورٹلہ ٹاؤن میں ہوئی شدید بارش اور سیلابی پانی کے سبب محلہ لنگم پیٹھ، محمدیہ پورہ، عرفات پورہ میں تقریباً 200 مکانات زیر آب آگئے اور ان علاقوں میں مقیم افراد اس سے کافی مثاتر ہوئے جن میں 7 مکانات مکمل طور پر زمین دوز ہوگئے اور تقریباً 31 مکانات جزوی طور پر اور 180 مکانات مکمل زیر آب آگئے اور بارش کے پانی کے گھروں میں داخل ہونے سے گھریلو سامان پانی میں بہہ گیا اور مکانات میں پانی کے داخل ہونے سے گھر میں موجود سامان کے لئے بھیگنے سے خراب ہوگیا جس سے عوام کو کافی نقصان اٹھانا پڑا۔ انھوں نے رکن اسمبلی کلواکنٹلہ ودیا ساگر راؤ سے بارش سے متاثرہ افراد کی امداد کی فراہمی کے لئے حکومت سے نمائندگی کرنے کا اور انھیں راحت پہنچانے کے لئے جنگی خطوط پر اقدامات کرتے ہوئے مکانات سے محروم افراد کو مکانات کی تعمیر کے لئے 120 گز اراضی پر مشتمل پلاٹ کے پٹہ جات اور مکانوں کی تعمیر کے لئے 6 لاکھ روپئے کی مالی امداد فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ انھوں نے حکومت سے 7 اگست 2023ء تک متاثرین کو امدادی رقم جاری کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ متاثرین اپنی زندگی نئے سرے سے شروع کرسکیں، بصورتِ دیگر 8 اگست 2023ء سے امبیڈکر مجسمہ کے روبرو مرن برت کرنے کا انتباہ دیا۔ اس موقع پر ریاستی نائب صدر اقلیتی کانگریس اے آر اکبر کے علاوہ برقعہ پوش خواتین کی کثیر تعداد موجود تھی۔