بارش کے پیش نظر آبپاشی پراجیکٹس پر نظر رکھنے عہدیداروں کو ہدایت

   

چیف انجینئرس ہیڈکوارٹر نہ چھوڑیں ۔ قواعد کے مطابق پانی کے اخراج پر زور ۔ اتم کمار ریڈی

حیدرآباد 20 جولائی ( سیاست نیوز ) ریاست میں جاری مسلسل بارش اور مزید موسلادھار سے شدید بارش کی پیش قیاسی کے پیش نظر یہ اندیشے ظاہر کئے جا رہے ہیں کہ مختلف آبپاشی پراجیکٹس سے پانی کا اخراج عمل میں لایا جائیگا جس کے نتیجہ میں کچھ مقامات کے زیر آب آجانے کے اندیشے ہیں۔ ایسے میں وزیر آبپاشی این اتم کمار ریڈی نے تمام پراجیکٹس کے چیف انجینئرس انچارج کو ہدایت دی ہے کہ وہ پیشگی اجازت کے بغیر اپنے ہیڈکوارٹرس سے باہر نہ جائیں۔ کہا گیا ہے کہ بھدرا دری کتہ گوڑم ضلع کے اشوا راؤ پیٹ میں پانی کے شدید بہاؤ کی وجہ سے پیدا واگو پراجیکٹ میں ایک بڑا شگاف پڑ گیا تھا جس کی وجہ سے دو دن قبل یہاں بھاری نقصانات ہوئے تھے ۔ اس واقعہ کے پس منظر میں وزیر آبپاشی نے کہا کہ تمام فیلڈ انجینئرس ‘سپرنٹنڈنگ انجینئرس ‘ ایگزیکیٹیو انجینئرس ‘ ڈپٹی ایگزیکیٹیو انجینئرس کے علاوہ اے ای ایز اور اے ایز کسی بھی امکانی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہیڈکوارٹر پر موجود رہیں۔ وزیر آبپاشی نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ چھوٹے آبپاشی ٹینکس ‘ بڑے اور اوسط آبپاشی پراجیکٹس میں پانی کے بہاؤ اور آمد کا ہر گھنٹے سے جائزہ لیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ضرورت پڑنے پر ضابطہ کے مطابق پانی کی نکاسی کیلئے دروازے کھولے جائیں۔ اتم کمار ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ پروٹوکول اور قواعد کو پیش نظر رکھتے ہوئے پراجیکٹس سے ضروری ہونے پر پانی خارج کریںاور نچلے علاقوں کی آبادیوں اور بستیوں کو اس تعلق سے پہلے سے خبردار کیا جائے ۔ اس سلسلہ میں ضلع کلکٹرس اور سپرنٹنڈنٹس آف پولیس کی مدد لی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ جان و مال کے کسی بھی نقصان کو ٹالنے کی ہر ممکن کوشش کی جانی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ جہاں کہیں ضروری ہوجائے عارضی بحالی کے اقدامات کئے جانے چاہئیں ۔ کسی بھی ہنگامی اور ضروری صورتحال پر اعلی عہدیداروں کو فون پر اطلاع دی جائے ۔ انہیںیہ بھی ہدایت دی گئی کہ سیول انتظامیہ اور مقامی پولیس سے بھی مسلسل رابطے میں رہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جاسکے ۔