مہلک ہتھیار ضبط ، اے سی پی فلک نما ایم اے رشید کی پریس کانفرنس
حیدرآباد 31 ڈسمبر (سیاست نیوز) چندرائن گٹہ بارکس میں پیش آئے ولید بن سلیمان سعدی کے قتل کیس میں ملوث تین ملزمین کو چندرائن گٹہ پولیس نے گرفتار کرلیا اور اُن کے قبضہ سے قتل میں استعمال کئے گئے مہلک ہتھیار برآمد کرلئے۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس فلک نما مسٹر ایم اے رشید نے بتایا کہ اِس قتل کا کلیدی ملزم 25 سالہ محمد فیصل ساکن چندرائن گٹہ بارکس ہے جس نے اپنے ساتھیوں 25 سالہ محمد یوسف، عبود بن حاجی، حیدر علی اور سہیل علی کی مدد سے قتل کی یہ سنگین واردات انجام دی تھی۔ اے سی پی نے کہاکہ رواں سال ستمبر میں فیصل اور مقتول سلیمان سعدی راجندر نگر پولیس اسٹیشن حدود میں پیش آئے سرقہ کی تین وارداتوں میں ملوث تھے اور اُنھیں اِس سلسلہ میں گرفتار کیا گیا تھا اور اندرون 15 دن سلیمان سعدی ضمانت پر رہا ہوگیا تھا جبکہ معاشی تنگی کے نتیجہ میں فیصل رہا نہ ہوسکا۔ فیصل نے بالآخر ضمانت حاصل کرکے جیل سے رہا ہوگیا جس کے بعد اُس کی مقتول سے مخاصمت شروع ہوگئی۔ جاریہ ماہ ڈسمبر میں جیل سے رہا ہونے کے بعد اُس نے اپنے دو ساتھیوں محمد یوسف اور عبود بن حاجی کو بتایا کہ سلیمان سعدی نے ضمانت دلانے کے بارے میں اُسے دھوکہ دیا۔ مذکورہ ملزمین نے سلیمان سعدی سے انتقام لینے کی غرض سے 28 ڈسمبر کو اُسے بارکس گراؤنڈ طلب کیا اور وہاں پر ضمانت کے لئے مالی مدد نہ کرنے پر اُس سے بحث کی اور اچانک چاقو سے حملہ کردیا۔ اِس واقعہ میں ولید بن سلیمان سعدی برسر موقع ہلاک ہوگیا۔ اے سی پی نے کہاکہ محمد فیصل، محمد یوسف، عبود بن حاجی خطرناک مجرمین ہیں اور اُنھیں سابق میں پی ڈی ایکٹ کے تحت گرفتار کیا جاچکا ہے۔ گرفتار ملزمین کے قبضہ سے پولیس نے قتل میں استعمال کئے گئے مہلک ہتھیار، موٹر سائیکل اور موبائیل فون ضبط کرلئے۔