بارہ سال سے زیادہ عمر کے بچوں کیلئے ویکسین تیار!

   

فائزر کی حکومت ہندسے فوری منظوری کیلئے درخواست

نئی دہلی: امریکہ کی مایہ ناز دوا ساز کمپنی فائزر نے مرکزی حکومت سے کہا ہے کہ اس کا کورونا کا ٹیکہ ہندوستان میں موجود کورونا وائرس کے ویرئینٹ کے خلاف اثر دار ہے اور یہ 12 سال سے زیادہ عمر کے بچوں کو بھی دیا جا سکتا ہے، لہذا ہندوستان میں اس کے استعمال کے لئے منظوری فراہم کی جائے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ ہندوستان میں وبا کے پھیلاو اور اموات کی خوفناک لہر اسی ویرئینٹ کی وجہ سے ہے۔ پی ٹی آئی نے ذرائع کے حوالہ سے کہا ہے کہ فائزر نے مرکزی حکومت کو یہ بھی بتایا ہے کہ یہ ٹیکہ 12 سال سے زیادہ عمر کے بچوں کو دیا جا سکتا ہے اور اسے دو سے آٹھ ڈگری سیلسیس کے درجہ حرارت کے درمیان کولڈ اسٹوریج سہولیات کے ساتھ ایک مہینے تک ذخیرہ کیا جا سکتا ہے۔امریکی فارما کمپنی نے مرکزی حکومت سے اس ویکسین کے استعمال کیلئے فاسٹ ٹریک (فوری) منظوری فراہم کرنے کی درخواست کی ہے اور کہا ہے کہ جولائی سے اکتوبر کے بیچ پانچ کروڑ خوراکیں فراہم کر دی جائیں گی، بشرطیکہ حکومت کسی ناخوشگوار واقعہ پیش آنے کی صورت میں معاوضہ یا نقصان کی تلافی کے اصولوں میں اسے رعایت فراہم کرے۔ خیال رہے کہ فائزر نے حکومت سے جس طرح کی چھوٹ کا مطالبہ کیا ہے ویسی چھوٹ ملک میں استعمال ہو رہی تینوں ویکسینوں (کوی شیلڈ، کوویکسین، اسپوتنک پنجم) میں سے کسی کو بھی فراہم نہیں کی گئی ہے۔