باغی امیدوار مقابلہ کریں تو 15 سال کیلئے معطل کیا جائے گا: رام چندر راؤ

   

کانگریس اور بی آر ایس عوامی اعتماد سے محروم، بی جے پی متبادل کے طورپر ابھر رہی ہے
حیدرآباد ۔3 ۔ فروری (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ بی جے پی رام چندر راؤ نے پارٹی کے باغی امیدواروں کو فوری دستبردار ہوتے ہوئے پارٹی امیدواروںکی کامیابی کیلئے کام کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ بصورت دیگر 15 سال تک پارٹی سے معطل کرنے کا انتباہ دیا ہے۔ رامچندر راؤ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس اور بی آر ایس عوامی اعتماد سے محروم ہوچکے ہیں۔ ریاست کے عوام متبادل کے طور پر بی جے پی کو دیکھ رہے ہیں۔ گرام پنچایت کے نتائج اس کا ثبوت ہے ۔ رامچندر راؤ نے کہا کہ کانگریس کا دو سالہ دور حکومت مایوس کن ہے۔ عوام سے کیا گیا کوئی بھی وعدہ پورا نہیں کیا گیا جس سے کانگریس حکومت کے خلاف عوام میں ناراضگی اور برہمی پائی جاتی ہے۔ ریاست کے عوام نے پہلے بی آر ایس کو پھر بعد میں کانگریس کو ووٹ دے کر آزمایا ہے ۔ دونوں ہی جماعتیں ریاست کو ترقی دینے اور عوام کی فلاح و بہبود میں پوری طرح ناکام ہوگئی ہے جس کے بعد ریاست میں بی جے پی کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ وزیراعظم نریندر مودی کی کارکردگی سے ریاست کے عوام پوری طرح مطمئن ہیں اور بلدی انتخابات میں بی جے پی کو کامیاب بنانے کا فیصلہ کرچکے ہیں۔ لہذا وہ پارٹی کے باغی امیدواروں سے اپیل کرتے ہیں کہ انتخابات سے دستبردار ہوجائیں اور پارٹی امیدواروں کی کامیابی کیلئے کام کریں۔ ایسے قائدین جو ٹکٹ سے محروم ہوئے ہیں، پارٹی ان کی خدمات دوسرے طریقہ سے استعمال کرے گی۔ بی جے پی کے ریاستی صدر نے کہا کہ گرام پنچایتوں اور بلدیات کو ریاستی حکومت پوری طرح نظر انداز کرچکی ہے ۔ بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے کوئی بھی فنڈ جاری نہیں کئے جائیں گے ۔ مرکز کی جانب سے جاری کئے جانے والے فنڈس کو بھی نام تبدیل کرتے ہوئے خرچ کئے جارہے ہیں۔ بی جے پی تلنگانہ میں عوامی مسائل کو حل کرنے میں اہم رول ادا کر رہی ہے۔ میونسپل انتخابات میں بھی بی جے پی کا مظاہرہ شاندار رہے گا۔ بی جے پی انتخابات میں عوامی مسائل کو موضوع بحث بناتے ہوئے انتخابی مہم چلائے گی۔ رام چندر راؤ نے کہا کہ مختلف سروے کی بنیاد پر امیدواروں کا انتخاب کیا گیا ہے۔ اس میں سماجی انصاف کو اہمیت دی گئی ہے جس کی وجہ سے چند قائدین ٹکٹ سے محروم ہوئے ہیں۔ وہ بی فارم نہ ملنے والے پارٹی قائدین سے اپیل کرتے ہیں کہ انتخابی میدان سے فوری دستبردار ہوجائیں اور امیدواروں کی کامیابی کیلئے کام کریں۔2