باغ عامہ کے تحفظ اور ترقی کیلئے حکومت اقدامات کرے

   

واکرس اسوسی ایشن اور ماحولیات کے جہد کاروں کا اجلاس

حیدرآباد۔/4 جون، ( سیاست نیوز) باغ عامہ کے تحفظ اور ماحولیاتی آلودگی سے بچاؤ کے سلسلہ میں باغ عام کی واکرس اسوسی ایشن کی جانب سے شعور بیداری پروگرام منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر ماحولیاتی تحفظ کے سلسلہ میں اجتماعی اور انفرادی ذمہ داریوں سے واقف کرایا گیا۔ باغ عامہ میں روزانہ 3 تا 5 ہزار افراد واکنگ اور جاگنگ کرتے ہیں تاکہ صحتمند رہ سکیں اور بہتر ماحول میں سانس لیں۔ واکرس اسوسی ایشن اور ماحولیات کے بارے میں متفکر شہریوں نے اظہار خیال کرتے ہوئے تلنگانہ حکومت اور ہارٹیکلچر ڈپارٹمنٹ سے مطالبہ کیا کہ باغ عامہ میں موجود حوض کا احیاء عمل میں لایا جائے۔ اس کے علاوہ جن بچوں کیلئے پلے زون، واکرس ٹریک کی تعمیر، پینے کے پانی کی سہولت اور ضعیف افراد کیلئے مانسون سے قبل رین شیڈ کی تعمیر کی خواہش کی گئی۔ خواتین اور بچوں کے علاوہ سینئر سٹیزنس کیلئے بارش میں شیڈ کی سخت ضرورت ہے۔ گذشتہ 40 برسوں سے باغ عامہ آنے والے کئی سینئر سٹیزنس نے شعور بیداری پروگرام میں حصہ لیا جن میں سینئر ایڈوکیٹ غلام یزدانی، صدرنشین سجاتا ہائی اسکول جے پرکاش، صدر واکرس اسوسی ایشن منی لال شرما، سرور پاشاہ، محمد وہاب، محمد عابد علی ( جہد کار )، رئیس خاں، سماجی کارکن بشریٰ فاطمہ ، ریٹائرڈ کرنل بی ترویدی، مجید جنجو اور دوسرے شامل ہیں۔ ماحولیات کے ماہر اور جہد کار محمد عابد علی نے اس پروگرام کا اہتمام کیا تھا۔ر