بالاپور اور غوث نگر کے متاثرین سے کانگریس قائدین کی ملاقات

   

فیروز خاں سے مقامی جماعت کے کارکنوں کی تکرار، امدادی کاموں کیلئے کلکٹر حیدرآباد سے نمائندگی
حیدرآباد: کانگریس قائدین کے ایک وفد نے بالاپور اور غوث نگر چندرائن گٹہ کا دورہ کرتے ہوئے موسلادھار بارش سے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی ۔ انہوں نے متاثرین کو یقین دلایا کہ نقصانات کے معاوضہ کے سلسلہ میں ضلع کلکٹر سے نمائندگی کی جائے گی ۔ سینئر کانگریسی قائد فیروز خاں کی قیادت میں اس دورہ کے موقع پر مقامی جماعت کے کارکنوں نے رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کی ۔ مجلسی کارکنوں اور فیروز خاں کے درمیان بحث و تکرار ہوئی جس کے بعد پولیس نے مداخل کرتے ہوئے کانگریس قائدین کو وہاں سے روانہ کردیا۔ بالاپور تالاب کے متاثرین اور غوث نگر کے متاثرہ خاندانوں نے شکایت کی کہ مقامی منتخب عوامی نمائندوں نے انہیں نظر انداز کردیا ہے ۔ مکانات پانی میں محصور ہیں اور گھریلو اشیاء کو نقصان پہنچا لیکن کسی نے دورہ نہیں کیا۔ فیروز خاں نے کلکٹر حیدرآباد اور کمشنر جی ایچ ایم سی سے فون پر ربط قائم کرتے ہوئے متاثرین کے حالات بیان کئے ۔ کمشنر جی ایچ ایم سی نے امداد کے سلسلہ میں کلکٹر کو سفارش کرنے کا تیقن دیا ۔ اندرون دو یوم متاثرین کو امداد کی اجرائی کا فیصلہ کیا جائے ۔ پانی کی نکاسی کے لئے بلدیہ اور این ڈی آر ایف کی ٹیموں کو مزید متحرک ہونا چاہئے ۔ فیروز خاں نے کہا کہ تالاب کی اراضی پر پلاٹنگ کرتے ہوئے عوام کو دھوکہ دیا گیا جس کے نتیجہ میں بارش کے ساتھ ہی پانی جمع ہورہا ہے ۔ چندرائن گٹہ ، غوث نگر کے متاثرین نے کہا کہ وہ اپنے قریبی رشتہ داروں سے محروم ہوچکے ہیں۔ انہوں نے بارش کی صورت میں نقصانات سے بچاؤ کیلئے مستقل اقدامات کا مطالبہ کیا۔ فیروز خاں نے کلکٹر سے کہا کہ متاثرین کو کسی شیلٹر میں رہائش کا انتظام کیا جائے اور غذا اور دیگر ضروری سامان فراہم کئے جائیں۔ انہوں نے مہلوکین کے پسماندگان کو ایکس گریشیا اور مالی نقصانات کی صورت میں امداد کا مطالبہ کیا۔