نظام آباد ۔ 30 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) وزیر عمارت و شوارع مسٹر پرشانت ریڈی نے آج بالکنڈہ اسمبلی حلقہ میں نئے منظور کردہ آسراء وظائف کے سرٹیفکیٹ فراہم کیا اور اس موقع مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر مسٹر چندر شیکھر رائو کی قیادت میں غریبوں کی فلاح وبہبودی کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں آسراء وظائف کی تقسیم میں ملک گیر سطح پر تلنگانہ سرفہرست ہے ۔ متحدہ ریاست میں 10 سال کی کانگریس دور حکومت میں 22 لکاھ افراد کو وظائف تقسیم کئے گئے تو تلنگانہ کے قیام کے بعد 48 لاکھ افراد کو وظائف تقسیم کئے جارہے ہیں ۔ کانگریس پارٹی کے دور میں 200 روپئے وظائف فراہم کئے جاتے تھے اور سالانہ 800 کروڑ روپئے خرچ کئے جاتے تھے ۔ کے سی آر 2 سے تین ہزار روپئے تک کہ وظائف فراہم کررہے ہیں اور 12 ہزار کروڑ روپئے فراہم کئے جارہے ہیں مسٹر پرشانت ریڈی نے کہا کہ مودی کے آبائی ریاست گجرات میں گجرات کی آبادی 6.30 کروڑ ہے اور 13.50 لاکھ افراد کو وظائف دئیے جارہے ہیں معمر ین کو 750 ، تنہا خواتین کو 950 ، جسمانی معذورین کو 600 روپئے فراہم کئے جارہے ہیں ۔ گجرات میں وظائف کیلئے سالانہ 100 کروڑ روپئے خرچ کئے جارہے ہیں ۔ تلنگانہ کی آبادی 3.80 کروڑ ہے اور وظائف 48 لاکھ افراد کو فراہم کئے گئے ہیں اور ہرماہ 1000 کروڑ روپئے وظائف کیلئے خرچ کئے جارہے ہیں ۔