بانو مشتاق کی کہانیوں کا مجموعہ ’ہارٹ لیمپ‘ نے جیتا ’بوکر انعام‘

   

نئی دہلی، 22 مئی (ایجنسیز) بین الاقوامی شہرت یافتہ مصنفہ، سماجی کارکن اور وکیل بانو مشتاق کی کنڑا زبان میں تحریر کردہ مختصر کہانیوں کی کتاب ’ہارٹ لیمپ‘ نے انٹرنیشنل بوکر پرائز 2025 جیت لیا ہے۔ اس طرح یہ کنڑا زبان کی پہلی کتاب بن گئی ہے جسے یہ عالمی ادبی اعزاز حاصل ہوا۔ اس اعزاز کے ساتھ بانو مشتاق کو 50 ہزار برطانوی پاؤنڈ کی انعامی رقم دی گئی۔ منگل کی شب لندن کے ٹیٹ ماڈرن میں منعقدہ تقریب میں بانو مشتاق نے اپنی مترجم دیپا بھاشتی کے ہمراہ یہ انعام وصول کیا۔ بانو نے اسے ’تنوع کی جیت‘ قرار دیا اور کہا کہ یہ کتاب اس یقین سے پیدا ہوئی کہ کوئی بھی کہانی معمولی نہیں ہوتی۔ انسانی تجربات کی چادر میں ہر دھاگا پوری کہانی کا بوجھ سنبھالے ہوتا ہے۔ ’ہارٹ لیمپ‘ میں شامل 12 کہانیاں جنوبی ہند کے پدرشاہی معاشروں میں رہنے والی مسلم خواتین کی مزاحمت، ذہانت، یکجہتی اور حوصلے کو اجاگر کرتی ہیں۔