بانڈی پورہ میں بھی ڈرونز پر پابندی عائد

   

سری نگر: جموں و کشمیر کے پانچ اضلاع کے بعد شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں بھی ڈرونز کے استعمال پر پابندی عائد کر دی گئی ہے ۔ قبل ازیں سری نگر، بارہمولہ، رام بن، سانبہ اور راجوری اضلاع میں ڈرونز اور فضا میں اڑائے جانے والی دیگر چیزوں پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ ضلع مجسٹریٹ بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد نے ایک حکمنامہ جاری کیا ہے جس میں ڈرونز اور اس جیسی چیزوں کی خرید و فروخت، ٹرانسپورٹیشن اور انہیں اپنے پاس رکھنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے ۔ حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ ضلع بانڈی پورہ کے فضائی حدود میں ہوا میں اڑنے والی نامعلوم چیزوں کو گردش کرنے کی اجازت دینا بہت ہی خطرناک ہے ۔ سرکای محکموں کو مختلف کاموں کی انجام دہی کے لئے ڈرونز کی ضرورت پڑنے پر متعلقہ پولیس اسٹیشن کو مطلع کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں جبکہ جن لوگوں کے پاس ڈرون یا اس جیسی چیزیں ہیں انہیں کہا گیا ہے کہ وہ ان کو متعلقہ پولیس اسٹیشن میں جمع کریں۔