ناندیڑ: ناندیڑ کے کھڑکپور میں واقع مدینہ بریانی ہوٹل کے مالک شیخ یونس کے قتل کے معمہ کو پولیس نے حل کرلیا ہے۔ شیخ یونس کے قتل کا ماسٹر مائنڈ ان کا حقیقی بیٹا ہی نکلا۔ وزیرآباد پولیس نے بیٹے سمیت دیگر دو ملزمین کو بھی گرفتار کرلیا ہے۔ واگھی روڈ پر واقع ایم کے فنکشن ہال کے قریب مدینہ ہوٹل کے مالک شیخ یونس شیخ پاشا کی نعش ان کے گھر میں ملی تھی ۔ اس واقعہ کا ایک سی سی ٹی وی فوٹیج پولیس کے ہاتھ لگا جس کے بعد پولیس کو شک ہوا کہ شیخ یونس کے قتل کے پیچھے ان کے بیٹے کا ہی ہاتھ ہے۔ پولیس نے شیخ یونس کے بیٹے شیخ یاسر عرفات کو حراست میں لیکر پوچھ گچھ کی جس میں پتہ چلا کہ یاسرعرفات نے منماڑ کے شیخ امجد شیخ اسحاق اور یوگیش شیواجی نکم کو اپنے باپ کے قتل کیلئے ہی سپاری دی تھی۔