باہو بلی ایم ایل اے اننت سنگھ کو10 سال قید

   

پٹنہ: بہار کے مکامہ سے آر جے ڈی کے باہوبلی ایم ایل اے اننت سنگھ کو ایم پی۔ایم ایل اے عدالت نے گھر میں اے کے 47، میگزین اور گرینیڈ رکھنے پر 10 سال کی سزا سنائی ہے۔اس سزا کے اعلان کے بعد اب اننت سنگھ کی اسمبلی ممبرشپ بھی خطرے میں پڑ گئی ہے۔ آپ کو بتا دیں کہ 14 جون کو اس معاملے میں اننت سنگھ کو قصوروار ٹھہرایا گیا تھا۔اب اس معاملے میں ایم پی۔ایم ایل اے کورٹ نے منگل کو اننت سنگھ کو 10 سال قید کی سزا سنائی ہے۔مکامہ کے ایم ایل اے اننت سنگھ اس وقت پٹنہ کی بیور جیل میں بند ہیں۔ اس سزا کے اعلان کے بعد اننت سنگھ کی ایم ایل اے کی کرسی بھی جا سکتی ہے، کیونکہ قانون ساز اگر کسی فوجداری معاملے میں دو سال کی سزا پالے تواس کی ممبر شپ چلی جاتی ہے۔تاہم، اننت سنگھ کے وکیل سنیل کمار نے کہا کہ سزا کو پٹنہ ہائی کورٹ میں چیلنج کیا جائے گا اور اپیل دائر کی جائے گی۔ اس معاملے میں باہوبلی ایم ایل اے کے ساتھ اس کے گھر کے نگراں سنیل رام کو بھی 10 سال کی سزا سنائی گئی ہے۔اگست 2019 کے مہینے میں، بہار پولیس نے اننت سنگھ کے بارہ تھانے کے تحت آنے والے گاؤں لڈما کے آبائی گھر پر چھاپہ مارا۔