بجٹ 2020 کے بارے میں عوامی خدشات

   

قرض سے مربوط بچت اسکیمات متعارف کروانے ماہرین کا زور
حیدرآباد ۔ 24 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : یکم فروری کو وزیر فینانس نرملا سیتا رامن مرکزی بجٹ پیش کرنے والی ہیں اور اس سلسلہ میں عام ہندوستانیوں میں کافی تجسس پایا جاتا ہے ۔ عوام میں کئی ایک خدشات بھی پائے جاتے ہیں ۔ مثال کے طور پر یہ اطلاعات آرہی ہیں کہ بے شمار انفراسٹرکچر پراجکٹس کے لیے حکومت کو مالیہ کی قلت کا سامنا ہے اور وہ اس قلت پر قابو پانے ممکنہ امکانات کا جائزہ لے رہے ہیں ۔ عوام کو یہ بھی امید ہے کہ حکومت کچھ نہ کچھ ایسے اقدامات کرے گی جس سے عوام خاص طور پر کاروباری شعبہ سے وابستہ لوگوں میں اس کی بگڑی ہوئی شبیہہ بہتر ہو ۔ آپ کو بتادیں کہ پچھلے سال اسوسی ایشن آف میچول فنڈس ان انڈیا (AMFI) نے حکومت سے درخواست کی کہ وہ قرض سے مربوط ٹیکس سیونگس اسکیمس یا DLSS کو اسی طرح متعارف کروائے جس طرح اکویٹی سے مربوط سیونگس اسکیمس (ELSS) متعارف کروایا گیا تھا ۔ یہ بھی بتایا جاتا ہے کہ کئی قدامت پسند لوگوں نے ELSS میں سرمایہ مشغول نہیں کیا کیوں کہ ان لوگوں کو اسٹاکس میں پیسہ لگانے کے بارے میں خدشات بلکہ خوف پایا جاتا تھا ۔ ماہرین اقتصادیات کا دعویٰ ہے کہ یہی لوگ اب قرض سے مربوط DLSS اسکیمات میں سرمایہ مشغول کرنے میں خوشی محسوس کریں گے تاکہ سیکشن 80c کے تحت ٹیکس بچایا جاسکے ۔ اور اس اسکیم کے لیے لازمی لاک ان مدت ٹیکس بچانے والی بنک ڈپازٹس کی طرح 5 سال تک ہوسکتی ہے ۔۔