بحرین اور رومانیہ میں پاکستانیوں کیلئے ملازمتوں کے نئے مواقع

   

اسلام آباد: پاکستان بیورو آف امیگریشن نے کہا ہے کہ بیرون ملک بالخصوص خلیجی ممالک میں پاکستانیوں کے لیے ملازمت کے نئے مواقع سامنے آنے کے بعد متحدہ عرب امارات نے جزوی جبکہ بحرین نے ویزوں کے اجرا کا سلسلہ مکمل طور پر بحال کر دیا ہے۔بیورو کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے بھی جلد ویزوں کے اجرا کا سلسلہ بحال ہو جائے گا جبکہ رومانیہ کے ویزے بھی با آسانی لگ رہے ہیں۔بیورو آف امیگریشن کے حکام نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’متحدہ عرب امارات کی جانب سے ورک ویزوں کے اجرا پر جزوی پابندی ہے جبکہ بحرین نے پابندیوں کا مکمل خاتمہ کر دیا ہے۔ بہت سے آجر وفود کی شکل میں پاکستان میں موجود ہیں جو بھرتی کر رہے ہیں اور وہی ویزے جاری کریں گے۔‘سعودی عرب کے حوالے سے حکام نے کہا کہ ’کورونا پابندیوں سے پہلے جن لوگوں کے ویزے لگ چکے تھے اور وہ روانگی کے لیے تیار تھے لیکن روانہ نہ ہو سکے۔ اب ان کے ویزے منسوخ کرکے دوبارہ لگائے جا رہے ہیں۔ امید ہے کہ نومبر کے وسط سے نئے ورک ویزوں کا اجرا بھی شروع ہو جائے گا۔‘پاکستان بیورو آف امیگریشن کے اعداد و شمار کے مطابق متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، بحرین اور رومانیہ میں پاکستانیوں کے لیے ملازمتوں کے مواقع میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے بیورو کی ویب سائٹ کے مطابق صرف پیر کے روز ان ممالک نے دو ہزار 384 ملازمتوں کے لیے اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز کو اجازت نامے جاری کئے۔