مناما : بحرین میں پارلیمانی اور بلدیاتی انتخابات کے لئے گزشتہ روز ووٹنگ ہوئی۔ ہفتے کے روز بحرین میں قومی اسمبلی کے ایوانِ زیریں کے 40 اور میونسپل کونسل کے 30 اراکین کے انتخاب کے لئے ووٹنگ ہوئی ہے۔ بحرینی خبر ایجنسی کے مطابق بحرین میں گزشتہ انتخابات کے مقابلے میں اس مرتبہ زیادہ ٹرن آؤٹ دیکھنے میں آیا ہے۔ یہ پہلا موقع تھا کہ بحرین میں ہونے والے انتخابات میں 561 امیدواروں نے حصہ لیا جن میں 107 خواتین بھی شامل تھیں ۔ بیرونِ ملک مقیم بحرینی شہری گزشتہ منگل سے ہی ووٹنگ شروع کر چکے تھے۔غیر سرکاری تخمینے کے مطابق 15 ہزار تارکینِ وطن نے حقِ رائے دہی استعمال کیا ہے۔