بحرین کے ساتھ اقتصادی معاہدوں کیلئے اسرائیل پرعزم

   

Ferty9 Clinic

یروشلم ۔ اسرائیل کے وزیر خارجہ گیبے اشکینازے نے کہا ہے کہ ان کا ملک بحرین کے ساتھ متعدد اقتصادی معاہدوں پر دستخط کرے گا۔بحرین کا ایک وفد اسرائیل کا دورہ کررہا ہے۔ دورے کا مقصد سیاحت اور اقتصادی تعاون سے متعلق امور پر بات چیت کرنا ہے۔ وفد میں کئی وزراء شامل ہیں ، وفد اسرائیلی وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سے ملاقات کرے گا۔بحرین اور امارات نے اسرائیل کے ساتھ معمول کے تعلقات قائم کرنے کے لئے ستمبر میں وائٹ ہاؤس میں معاہدوں پر دستخط کئے تھے۔اسرائیلی وزیر خارجہ کے مطابق بحرین کے ساتھ دو طرفہ تعلق کو مضبوط بنانے کے لئے ایک اقتصادی ٹیم تشکیل دی جائے گی۔دریں اثناء بحرین کے وفد کے سربراہ نے کہا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ امن کا عکس شہریوں پر نظر آنا چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اسرائیل کے ساتھ بہت سے اقتصادی مواقع موجود ہیں۔اسرائیلی وزیر خارجہ کو رواں ہفتے بحرین کا دورہ کرنا تھا تاہم سفارتی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ دورے کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے مزید تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔اسرائیلی سفارتی ذرائع نے بحرین کے تجارت، صنعت اور سیاحت کے وزیر زائد بن راشد الزیانی کے تل ابیب میں بن گوریون ایرپورٹ پہنچنے کی تصدیق کی تھی۔