بدنام زمانہ موٹر سائیکلوں کے سارقین کی ٹولی بے نقاب

   

15 لاکھ 20 ہزار مالیتی مسروقہ موٹر سائیکلیں ضبط
حیدرآباد۔/11 جون، ( سیاست نیوز) موٹر سیکلوں کا سرقہ کرنے والی ایک بدنام زمانہ ٹولی کو بے نقاب کرتے ہوئے چندرائن گٹہ پولیس نے تین افراد کو گرفتار کرلیا۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس ساؤتھ زون سائی چیتنیہ نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ 30 سالہ ایم سریکانت موہن ساکن بڑنگ پیٹ، 25 سالہ ایم گنیش ساکن کیشم پیٹ اور 23 سالہ ایس سری شیلم ساکن کیشم پیٹ کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے 53 موٹر سیکلوں کو ضبط کرلیا۔ محبوب نگر چوراہے پر تلاشی مہم کے دوران سب انسپکٹر غوث خاں نے سریکانت موہن کو حراست میں لیا جو مشتبہ نقل و حرکت کررہا تھا۔ سریکانت سے پوچھ تاچھ کے بعد اس نے سارے واقعہ کو بیان کیا اور تمام 53 مسروقہ موٹر سائیکلوں کو ضبط کرلیا۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ سریکانت موہن موٹر سائیکلوں کا سرقہ کرنے میں مہارت رکھتا ہے۔ مسروقہ موٹر سائیکلوں کو وہ گنیش اور سری شیلم کے حوالے کرتا تھا جو ان موٹر سائیکلوںکو شاد نگر، کیشم پیٹ اور دیگر علاقوں میں فروخت کرتے تھے فینانس کے ذریعہ ضبط شدہ گاڑیاں بتا کر فروخت کیا جاتا تھا اور دستاویزات کی فراہمی کیلئے وقت لیا جاتا تھا ۔ صبح کی اولین ساعتوں میں جب عوام گہری نیند میں رہتے ہیں اس وقت سریکانت موہن نقلی چابیوں کی مدد سے موٹر سائیکلوں کا سرقہ کرتا تھا۔ سال 2020 سے سریکانت ان سرگرمیوں ملوث ہے۔ حیدرآباد پولیس کمشنریٹ میں 11، رچہ کنڈہ میں 15، سائبرآباد میں 17اور اضلاع میں 7 وارداتیں انجام دیا۔ ڈی سی پی ساؤتھ زون نے بتایا کہ تمام مسروقہ گاڑیوں کو ضبط کرلیا گیا ہے جن کی مالیت 15 لاکھ 20 ہزار روپئے بتائی گئی ہے۔ اس موقع پر اے سی پی فلک نما شیخ جہانگیر ، انسپکٹر چندرائن گٹہ پرسادورما، ڈی آئی مدھوسدن ریڈی ، ڈی ایس آئی غوث حاں اور دیگر موجود تھے۔ ع